کراچی:گرین لائن منصوبے کی 40بسیں پہنچ گئیں

کراچی:گرین لائن منصوبے کی 40بسیں پہنچ گئیں

40بسیں اکتوبر میں بھی آئیں گی،مزید خوشخبریاں دینگے :اسد عمر

کراچی (بزنس رپورٹر) گرین لائن ریپڈ بس سروس کے لیے درآمد کی جانے والی 40 بسوں کی پہلی کھیپ کراچی پہنچ گئی۔ کراچی کی بندرگاہ پر آف لوڈنگ کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزرا علی زیدی، اسد عمر، امین الحق، فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل شیخ، ایم این اے آفتاب جہانگیر، تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی،پارٹی عہدیداروں سمیت سندھ انفرا سٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کے سی ای او اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے ۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو خوشخبریاں ملتی رہیں گی۔ پہلی بار کراچی میں ٹرانسپورٹ کا جدید نظام شروع ہونے جا رہا ہے ۔ گرین لائن منصوبے کے لیے 40 بسیں پہنچی ہیں، مزید 40 بسیں اگلے ماہ کراچی پہنچیں گی، بس منصوبے کا ٹریک تیار ہے ، کنٹرول روم بنا لیا گیا ہے ۔ بسوں میں پہلے سافٹ ویئر انسٹال ہو گا، ڈرائیوروں کی تربیت ہو گی ، ٹیسٹ رن کے بعد 2 ماہ میں بسیں اپنے ٹریک پر چلنا شروع ہو جائیں گی، اس کے علاوہ ایکنک کے آئندہ اجلاس میں کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کی منظوری بھی دے دی جائے گی۔ منصوبے کی منظوری کے بعد جب وزیراعظم کو وقت ملا وہ کے سی آر منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے آئیں گے ، جس کی مالیت ڈھائی سو ارب روپے ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑے منصوبوں میں منصوبہ بندی سے لے کر عملی کام شروع ہونے تک وقت لگتا ہے لیکن ہمیں اس بات پر اعتماد تھا اور لوگ محنت کر رہے تھے ۔ اسد عمر نے کہا کہ گورنر سندھ بھی دباؤ ڈالتے ہیں کہ سندھ کے منصوبے جلد مکمل کیے جائیں۔ سندھ کے 14 اضلاع میں بھی کام کریں گے ۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ آئندہ چند ہفتوں میں گجر نا لہ ، محمود آباد اور اورنگی نالے کے ساتھ بڑی سڑکوں کی تعمیر کا بھی سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا۔ اسد عمر نے مزید کہا کہ گرین لائن بس منصوبہ 27 ارب روپے کا ہے ۔ کراچی میں 54 کلو میٹر سڑکیں تعمیر ہو رہی ہیں۔ گرین لائن منصوبہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کا واحد منصوبہ نہیں بلکہ وفاق کے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں کراچی کے لیے 5 بڑے منصوبے شامل ہیں ۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے 13 سال میں کراچی کے لیے کوئی ایک بس نہیں چلائی۔گورنر کا کہنا تھا کہ دعوے اور کام کرنے والوں میں فرق ہوتا ہے ،کے فور منصوبے کے ذریعے کراچی کو پانی کی فراہمی میرا عزم ہے ۔ کراچی کو فائر ٹینڈرز دیئے گئے ،بدقسمتی سے عملے کی عدم موجودگی کے باعث وہ قابل استعمال نہیں ہیں۔ گورنر نے کہا کہ وزیراعظم کے کراچی ٹرانسفارمیشن پیکیج کے ایک اور سنگ میل کو حاصل کر لیا گیا ہے ،جس کا مقصد صرف اور صرف کراچی والوں کی فلاح و بہبود اورانہیں بہتر سروس فراہم کرنا ہے ۔گورنر سندھ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سرجانی ٹاؤن سے گرومندر او رنمائش چورنگی تک خدمات فراہم کی جائیں گی ۔ وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ کراچی کا نوجوان بھی اب 20 روپے کرائے میں اچھا سفر کر سکے گا ۔گرین لائن بس سروس کی آپریٹر کمپنی کے آپریشن ہیڈ شاہ زمان نے بتایا کہ 200 ڈرائیورز کو تربیت دی جائے گی، اس کے لیے خواتین ڈرائیورز بھی رجوع کر سکتی ہیں، بس سٹیشن پر کیش ٹکٹ کی سہولت ہو گی، ماہانہ کارڈ سے بھی ٹکٹ کی ادائیگی کی جا سکے گی، کسی فنی خرابی کی صورت میں انجن بند ہونے پر بھی خودکار سسٹم 40 کلو میٹر تک بس کو چلا سکے گا، اس کے علاوہ ٹریک پر ہنگامی ایگزٹ اور ٹو ٹریک بھی موجود رہیں گے ۔ سی آئی ڈی سی ایل کے سی ای او ندیم لودھی نے بتایا کہ پورٹ کلیئرنس کے بعد فلیٹ کو چینی ٹیکنیکل ٹیم کی نگرانی میں سرجانی ٹاؤن میں واقع سرشار بس ڈپو تک پہنچا دیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں