لاہور ہائیکورٹ نے دیہی علاقوں سے پراپرٹی ٹیکس وصولی روک دی

لاہور ہائیکورٹ نے دیہی علاقوں سے پراپرٹی ٹیکس وصولی روک دی

درخواست سماعت کیلئے منظور،آئندہ پیشی پر فریقین سے جواب طلب،عدالت کا انتظامیہ شوگر ملز کیخلاف کارروائی نہ کرنیکا حکم ایم ڈی کیٹ کا امتحان لینے والی کمپنی کیخلاف توہین عدالت، ججز تعیناتیوں میں مداخلت کیخلاف درخواستیں قابل سماعت قرار

لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے دیہی علاقوں سے پراپرٹی ٹیکس وصولی روکتے ہوئے درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی۔ جسٹس جواد حسن نے درخواست پر سماعت کی ، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ قانون کے تحت پراپرٹی ٹیکس وصولی صرف شہری علاقوں سے کی جاسکتی ہے ۔ دیہی علاقوں سے پراپرٹی ٹیکس وصولی لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے سیکشن 156کی خلاف ورزی ہے ۔ \وکیل نے نقطہ اٹھایا کہ قواعد و ضوابط کے خلاف دیہی علاقوں سے پراپرٹی ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے لہذا عدالت پراپرٹی ٹیکس وصولی کے نوٹس کو کالعدم قرار دے ۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ میونسپل سروسز کی مد میں پراپرٹی ٹیکس وصولی کی جاسکتی ہے ، عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی اور فریقین سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔ ادھر عدالت میں شوگر ملز سے 12سو 88میٹرک ٹن چینی کا سٹاک زبردستی اٹھانے کے اقدام کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے انتظامیہ شوگر ملز کے خلاف کارروائی نہ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے ریمارکس دیئے کہ لا افسر عدالتی حکم سے متعلق حکومت کو آگاہ کرکے عدالت میں رپورٹ پیش کریں، عدالت نے کیس کی سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کردی۔ علاوہ ازیں جسٹس علی باقر نجفی نے میاں دائود ایڈووکیٹ کی آئینی درخواست پر سماعت کے دوران خصوصی عدالتوں میں ججز کی تعیناتیوں، تبادلوں میں حکومت کی مداخلت کیخلاف درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، وزارت قانون اور محکمہ قانون پنجاب کو نوٹسز جاری کر دیئے ۔ مزیدبرآں لاہور ہائیکورٹ میں ایم ڈی کیٹ کا امتحان لینے والی کمپنی کو عدالتی حکم امتناعی کے باوجود کروڑوں روپے ادا کرنے کے الزام میں توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی،عدالت نے پاکستان میڈیکل کمیشن کے صدر ، سیکرٹری ، ایگزیکٹو ممبر ایجوکیشن کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں