پنجاب ایمرجنسی سروس بل 2021 کیخلاف درخواست خارج

پنجاب ایمرجنسی سروس بل 2021 کیخلاف درخواست خارج

ریسکیو 1122ایک آزادانتظامی ادارہ، بل غیرقانونی قرار دینے کی درخواست مسترد درخواست گزار کے دلائل میں دم نہیں کہ صوبائی اسمبلی کی رائے نہیں لی گئی،فیصلہ

لاہور (محمد اشفاق سے )لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے ریسکیو 1122 کو آزاد انتظامی محکمہ قرار دیتے ہوئے پنجاب ایمرجنسی سروس بل 2021 کے خلاف درخواست خارج کردی۔ جسٹس جواد حسن نے محکمہ ریسکیو 1122کو خراج تحسین پیش کیا، جسٹس جواد حسن نے 17صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا، عدالت نے پنجاب ایمرجنسی سروس ترمیمی بل 2021 کو غیر قانونی قرار دینے کی درخواست مسترد کردی، درخواست گزار نے ریسکیو 1122کو آزاد انتظامی محکمہ ڈکلئیر کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا تھا۔ جسٹس جواد حسن نے فیصلے میں پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کو لوگوں کی جان بروقت بچانے کیلئے کیے گئے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا اور صرف ایک کال پر شہریوں کو طبی امداد دینے کے لیے پہنچنے کی محکمے کی محنت، لگن اور مستقل مزاجی کو سراہا ۔عدالت نے کہا سب سے پہلے دیکھنا ہوگا درخواست گزار اس طرح کی درخواست دینے کا اختیار رکھتا ہے کہ نہیں۔ دیکھنا ہوگا کہ آرٹیکل 139 کے تحت حکومت ایک الگ انتظامی شعبہ بنانے کی مجاز ہے یا نہیں۔ دیکھنا ہوگا کہ ڈیپارٹمنٹ کے بنائے گئے رولز کے مطابق اسکو ایک آزاد انتظامی محکمہ بنایا جا سکتا ہے یا نہیں، حکومتی وکیل کے مطابق پنجاب ایمرجنسی سروس بل کو باقاعدہ پنجاب اسمبلی نے منظور کیا ہے ،درخواست گزار یہ ثابت کرنے میں ناکام رہے کہ ترمیم ہونے سے درخواست گزار کو کوئی نقصان ہوا ہے ۔جسٹس جواد حسن نے مزید کہا کہ درخواست گزار کے مطابق ریسکیو کو خودمختار کرنے سے مالی مشکلات کا سامنا ہوگا کیونکہ صوبائی اسمبلی سے اسکی رائے نہیں لی گئی ۔ریکارڈ کے مطابق پنجاب اسمبلی نے مارچ 2021میں بل منظور کیا،گورنر پنجاب کے دستخط کے بعدبل پنجاب گزٹ میں شائع کیا گیا،درخواست گزار کے ان دلائل میں دم نہیں ہے کہ صوبائی اسمبلی کی رائے نہیں لی گئی، درخواست گزار کا وکیل درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق عدالت کو مطمئن نہ کرسکا ، عدالت نے درخواست کو مسترد کردیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں