لاہور ،پشاور، کراچی میں نابینا افراد کے مظاہرے جاری

 لاہور ،پشاور، کراچی میں نابینا افراد کے مظاہرے جاری

15 اکتوبر کو اسلام آباد کا رخ کریں گے ،روزگار فراہم کیا جائے ، مطالبہ سندھ اسمبلی کے اندر جانے کی کوشش کی،پولیس نے گیٹ پر روک دیا

لاہور،پشاور ، کراچی (نیوز ایجنسیاں)لاہور ، پشاور اور کراچی میں نابینا افراد کے اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرے جاری ہیں۔لاہور میں نابینا افراد نے پنجاب حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو ہزاروں نابینا افراد 15 اکتوبر کو اسلام آباد کا رخ کریں گے ۔نابینا افراد نے پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاجی دھرنا دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انہیں سرکاری محکمہ جات میں کوٹے کے مطابق بھرتی کیا جائے ۔ ادھر خیبر پختونخوا کے نابینا افراد کاایکشن کمیٹی آف دی بلائنڈ کے زیر اہتمام اپنے مطالبات کے حق میں صوبائی اسمبلی کے باہر احتجاجی دھرنا تیسرے روز میں داخل ہوگیا۔نابینا افراد مطالبہ کر رہے تھے کہ انکی تعلیم اور قابلیت کے مطابق روزگار فراہم کیا جائے جبکہ معذور افراز کا کوٹہ پانچ فیصدمقرر کیا جائے ۔دوسری جانب سندھ اسمبلی گیٹ کے سامنے ملازمتوں کیلئے نابینا افراد کا دھرنا جاری ہے ۔ مظاہرین نے سندھ اسمبلی کے اندر جانے کی کوشش کی تو پولیس نے روک دیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ اگر ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوئے تو کل ہم سی ایم ہاؤس پر دھرنا دینگے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں