حکومت آئین میں معذوروں کو دیئے گئے حقوق کی پاسداری کرے: لاہور ہائیکورٹ

حکومت آئین میں معذوروں کو دیئے گئے حقوق کی پاسداری کرے: لاہور ہائیکورٹ

مال روڈ پر بیٹھے معذور لاوارث نہیں ان سے بات کریں،اگرقوانین میں سقم ہے تو حکومت ترامیم لائے ،ریمارکس ، دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں کیخلاف کارروائی کاحکم، ڈینگی کی روک تھام کیلئے اقدامات نہ کرنے پر صوبائی حکومت کو نوٹس

لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس جوادحسن نے معذوروں کے کوٹہ پرعمل درآمد نہ کرنے اورمال روڈ کی بندش کے خلاف درخواستوں پرحکومت پنجاب کو فریقین سے مشاورت کرکے حتمی فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی،فاضل جج نے قراردیا کہ معذوروں کی تعلیم، بہبود اور دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ہے ،حکومت آئین کے تحت معذوروں کودئیے گئے حقوق کی پاسداری کرے ،مال روڈ پر بیٹھے معذور لاوارث نہیں ان سے بات چیت کی جائے ،اگرقوانین میں سقم موجود ہے تو حکومت فریقین سے مشاورت کرکے ترامیم لائے ،درخواست گزار اظہرصدیق ایڈووکیٹ کی طرف سے موقف اختیارکیا گیا کہ عدالتی فیصلے کے باوجود معذوروں کے ملازمت کوٹہ پرعمل نہیں کیا جارہا۔ علاوہ ازیں لاہور ہائی کورٹ نے مسٹرجسٹس شاہد کریم نے سموگ کی روک تھام کے لئے دائر درخواست پرگوجرانوالہ اور شیخوپورہ میں دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کاحکم دے دیا ۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقرنجفی نے ڈینگی کی روک تھام کے لئے اقدامات نہ کرنے اور ہیلتھ انسپکٹرز کا تقرر نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پرپنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4نومبر تک جواب طلب کرلیاہے ۔عدالت نے شہری کے خلاف ڈینگی لاروا کی برآمدگی سے متعلق بھی تفتیشی افسر کو طلب کرلیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں