محدود وسائل والے طبقے کومراعات دی جائیں گی،فرخ حبیب

 محدود وسائل والے طبقے کومراعات دی جائیں گی،فرخ حبیب

وزیراعظم فوڈ سپورٹ پروگرام کا اعلان کرینگے ،وزیر مملکت برائے اطلاعات ، 20ارب کاصاف پانی پراجیکٹ شروع ،ہرپارک میں ایک پلانٹ لگایا جائیگا

فیصل آباد(دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ 20 ارب روپے کا 30 ملین گیلن صاف پانی پراجیکٹ شروع کرنے جارہے ہیں ،31 دسمبر تک پنجاب کی تمام آبادی کے پاس صحت کارڈ ہونگے ، 10 لاکھ تک علاج کرانے کی سہولت ملے گی اور حکومت اپنے کاروبار کے لیے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔انہوں نے کہا عمران خان دورہ سعودی عرب کے بعد فوڈ سپورٹ پروگرام کا اعلان کریں گے جس میں محدود وسائل والے طبقے کو خصوصی مراعات دی جائیں گی۔اتوار کی شام ڈی ٹائپ کالونی فیصل آباد میں آسا سنگھ پارک کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا حکومت کو مہنگائی کے باعث درپیش عوام کی مشکلات کا بخوبی علم ہے ،مہنگائی ایک عالمی مسئلہ ہے لیکن ہم کوشش کررہے ہیں اس کے کم سے کم اثرات عوام تک منتقل ہوں ۔ آج اپوزیشن مہنگائی کی آڑ میں احتجاج کرکے انارکی پھیلا رہی ہے حالانکہ مہنگائی کے اصل ذمہ دار یہی ماضی کے حکمران ہیں جنہوں نے ملک کو لوٹ لوٹ کر اس مقام تک پہنچادیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہم نے یوریا کھاد کا ایک بیگ بھی درآمد نہیں کیا بلکہ برس ہا برس سے بند فرٹیلائزر پلانٹس کو گیس اور دیگر سہولیات فراہم کرکے ملکی ضرورت کے مطابق یوریا کھاد تیا رکی۔ اسی لئے اب پاکستان میں یوریا کی کوئی قلت نہیں اور بوری 1800 روپے میں مل رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے بھی فیصل آباد کیلئے 13 ارب روپے کا پیکیج دیاگیا ہے ، جس سے فیصل آباد مزید ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں