شفافیت پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز، مالیاتی ڈسپلن سے کروڑوں بچائے: بزدار

شفافیت پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز، مالیاتی ڈسپلن سے کروڑوں بچائے: بزدار

فنڈز کے بروقت ،صحیح استعمال کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرر ہے ،آڈیٹر جنرل سے گفتگو ، اعجاز عالم، یوڈیسٹر چوہان کی ملاقات ، شیخ رشید کے گھر آمد، بھائی کے انتقال پر تعزیت،شہید مریم مختار پر فخر،خواتین پر تشدد روکنے کیلئے موثر قانون سازی کی:پیغام

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا شفافیت پنجاب حکومت کاطرہ امتیاز ہے ، ترقیاتی منصوبوں میں مالیاتی ڈسپلن نافذ کرکے کروڑوں روپے بچائے ہیں، وزیراعلیٰ سے آڈیٹر جنرل آف پاکستان محمد اجمل گوندل نے ملاقات کی، عثمان بزدار نے مزید کہا پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا،مالیاتی امور میں پنجاب حکومت کی شفافیت دوسرے صوبوں کیلئے قابل تقلید ہے ۔ فنڈز کے بروقت اور صحیح استعمال کو یقینی بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کررہے ہیں ،ترقیاتی منصوبوں کے معیاراو رفنڈز کے استعمال کیلئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کانظام متعارف کرایا ہے ۔دریں اثنا وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم اور رکن پنجاب اسمبلی یوڈیسٹر چوہان نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی، عثمان بزدار نے یوڈیسٹر چوہان کورکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا پاکستان میں آئین کے مطابق اقلیتوں کومکمل آزادی حاصل ہے ۔ اقلیتی برادری کیلئے ملازمتوں کے مختص 5 فیصد کوٹے پر 100فیصد عملدرآمد کرانے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں ۔تاریخ میں پہلی بار اقلیتوں کیلئے ہائیر ایجوکیشن میں 2فیصد کوٹہ مقر ر کیا ہے ۔ پنجاب کے 40 محکموں میں مینا رٹی سیل بنا کر فوکل پرسن مقرر کئے ہیں۔ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا مودی سرکار نے بھارت کو ہندوسٹیٹ بنا دیا ہے اور اقلیتوں پرعرصہ حیات تنگ کردیاہے ۔ علاوہ ازیں عثمان بزداراسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی رہائش پر گاہ گئے اور ان کے بڑے بھائی کی وفات پر اظہار تعزیت کیا،وزیراعلیٰ نے تحریک انصاف کے بانی کارکن رانا اختر حسین کے انتقال پربھی گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ۔خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پراپنے پیغام میں انہوں نے کہا خواتین کے حقوق کے تحفظ اوران کیخلاف تشدد کی روک تھام کیلئے مو ثر قانون سازی کی گئی ہے ، دادرسی اورفوری انصاف کیلئے ملتان میں سٹیٹ آف دی آرٹ سینٹر بنایا گیا ہے ۔ شہید پائلٹ مریم مختیار کی برسی پروزیراعلیٰ نے کہا مریم مختیار ایک بہادر ہوابازتھیں، ان پر ہر پاکستانی کو فخر ہے ، جس قوم کے پاس مریم مختیارجیسی باصلاحیت اور بہادر بیٹیاں ہوں وہ ہمیشہ سرخروہوتی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں