ووٹ خریدوفروخت کامعاملہ،رپورٹس آج جمع کرانے کاحکم

ووٹ خریدوفروخت کامعاملہ،رپورٹس آج جمع کرانے کاحکم

مبینہ ویڈیو کا ذمہ دار امیدوار کامیاب ہوا تو نااہلی ہو سکتی ہے :ترجمان الیکشن کمیشن

لاہور ،اسلام آباد(کورٹ رپورٹر،وقائع نگار، مانیٹرنگ ڈیسک، اے پی پی)صوبائی الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں این اے 133 میں ووٹوں کی خرید وفروخت کے معاملے کی رپورٹس آج 30نومبرکوجمع کرانے کاحکم دیدیاگیا،الیکشن کمیشن نے واضح کیاہے کہ حلقے میں ضمنی انتخابات بروقت ہوں گے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پیمرا، نادرا اور کمشنر سمیت دیگر اداروں کو رپورٹ مرتب کرنے کیلئے ویڈیو بھیجی گئی ہے ، فرانزک رپورٹ میں مبینہ ویڈیو کا ذمہ دار امیدوار کامیاب ہوا تو نااہلی جیسی سخت کارروائی کی جا سکتی ہے ۔ اجلاس میں کمشنر، ڈپٹی کمشنر، سٹی ٹریفک پولیس اور دیگر محکموں کے ذمہ داران نے شرکت کی، صوبائی الیکشن کمیشن نے متعلقہ اداروں کو ضمنی انتخابات کے حوالے سے تیاری جاری رکھنے کی ہدایت کردی ، الیکشن کمیشن نے متعلقہ اداروں کو ویڈیو سکینڈل کی رپورٹ آج جمع کرانے کاحکم دیا ، الیکشن کمیشن نے کہاکہ ویڈیو سکینڈل کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور رپورٹ الیکشن کمیشن اسلام آباد بھجوائی جائے گی،واضح رہے این اے 133 میں ضمنی انتخابات 5دسمبرکوشیڈول ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ این اے 133 کے ضمنی الیکشن کیلئے 21 پولنگ سٹیشنز انتہائی حساس، 199 حساس اور 34 پولنگ سٹیشن نارمل قرار دیئے گئے ہیں، حساس پولنگ سٹیشنزپرسی سی ٹی وی کیمرے اور پولیس نفری بڑھائی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 5 دسمبر کو پولنگ کے روز رینجرز حلقے کا گشت کرے گی ۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے لاہور میں ضمنی انتخاب کی تیاریوں کا جائز ہ لیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔صوبائی الیکشن کمشنرپنجاب نے انتظامیہ سے ضمنی انتخاب کی حتمی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے بھی ضمنی انتخابات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں