بچوں سے زیادتی کے مقدمات کا فیصلہ 6 ماہ میں کرنیکا حکم
زیادتی کے ملزم ساجدکی درخواست ضمانت خارج،8صفحات پرمشتمل فیصلہ جاری
لاہور(محمد اشفاق سے )لاہور ہائیکورٹ نے بچوں سے زیادتی کے مقدمات کے فیصلے 6 ماہ میں کرنے کا حکم دے دیا ۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے بچوں سے زیادتی کے ملزم ساجد کی درخواست ضمانت خارج کرنے کا 8صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں کہا کہ جہاں بچوں کو زیادتی سے بچانے کی ضرورت ہے ، وہاں بے گناہ کو جھوٹے الزامات سے بھی بچانا ہے ۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے حکم دیا کہ بچوں سے زیادتی کے مقدمات کے فیصلے 6 ماہ میں کئے جائیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ جہاں الزام جھوٹا نکلے ، وہاں کیس بنانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ، کیونکہ بچوں سے زیادتی کے قانون کا بعض عناصر غلط استعمال کر سکتے ہیں ۔ عدالت نے رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کو فیصلے کی نقول متعلقہ اداروں کو بھیجنے کا حکم بھی دیا ۔