سندھ بلدیاتی ترمیمی بل،جماعت اسلامی ،ایم کیو ایم کا احتجاج

سندھ بلدیاتی ترمیمی بل،جماعت اسلامی ،ایم کیو ایم کا احتجاج

شہر قائد میں یوم سیاہ، مظاہرے ، کالا قانون تسلیم نہیں کرینگے :حافظ نعیم ، حیدرآباد میں متحدہ کا مظاہرہ، سندھ حکومت کے مظالم برداشت نہیں:کنور نوید

کراچی(سٹاف رپورٹر ، نمائندہ دنیا)جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے زیر اہتمام بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔ جماعت اسلامی کے تحت عوام دشمن بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف جمعہ کو کراچی میں ‘‘یوم سیاہ’’ منایا گیا۔ اس موقع پر شہر بھر میں سیکڑوں مقامات پر احتجاجی مظاہرے اور کارنرمیٹنگز منعقد کی گئیں اور بازو پر سیاہ پٹیاں بھی باندھی گئیں۔ صدر میں مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید اور پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے جنرل سیکریٹری نجیب ایوبی نے خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سندھ میں 14 سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے لیکن اس نے کراچی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا، یہ کراچی کے حق اور آزادی کا معاملہ ہے ، اہل کراچی اس کالے قانون کو ہر گز تسلیم نہیں کریں گے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی بھی پیپلزپارٹی کی طرح کراچی دشمن اقدامات پر عمل کر رہی ہیں۔ دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ حیدرآباد کے کارکنوں نے نئے بلدیاتی ایکٹ کے خلاف اسٹیشن روڈ پر بلدیہ حیدرآباد کی مرکزی عمارت کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر شرکا نے حکومت سندھ کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرین سے خطاب میں ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے کہا کہ سندھ کی متعصب حکومت بلدیہ کے ذریعے چلائے جانے والے سکولوں، ہسپتالوں اور دیگر اداروں کو اپنی تحویل میں لے رہی ہے ۔وفاقی حکومت ہمیں انصاف دلائے ،ظلم اب مزید برداشت نہیں کریں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں