پولیو ورکرز کیلئے انعامات کا پلان مرتب کیا جائے :عمران خان

پولیو ورکرز کیلئے انعامات کا پلان مرتب کیا جائے :عمران خان

ورکرزمشکل علاقوں تک پہنچتے ، کاوشوں پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، وزیر اعظم ، ماضی میں ماحول کا تحفظ ترجیح نہیں رہی، گفتگو،چیئرمین جوائنٹ چیفس سے ملاقات

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے پولیو ورکرز کے لیے انعامات دینے کا پلان مرتب کیا جائے ۔ کم منتقلی والا سیزن پولیو کے خاتمے کے لیے موزوں ترین وقت ہے اور ہم سب کو مل کر پولیو کا خاتمہ کرنا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو انسداد پولیو مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ صوبائی اور ضلعی حکومتوں کی انسداد پولیوکے لئے کاوشوں پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔پولیو ورکرز جو دور دراز اور مشکل علاقوں تک پہنچتے ہیں قومی خدمت انجام دے رہے ہیں جس کے لیے وہ خصوصی تعریف کے مستحق ہیں۔ وزیر اعظم نے چیف سیکرٹریز اور ڈپٹی کمشنرز کو انسداد پولیو اقدامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ضلعی انتظامیہ پولیو ورکرز کی ہراسگی یا ان پر حملوں کی صورت میں قانونی کارروائی کی ذمہ داری لیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ بچوں کی عمومی بچاؤ کے ٹیکوں اور انسداد پولیو مہم کو ساتھ ساتھ چلایا جائے ۔نئی قسم اومیکرون کے پیش نظر کورونا کے خلاف ویکسی نیشن مہم کو مزید بڑھایا جائے ۔اس موقع پر وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بین الاقوامی ادارے حکومت پاکستان کی کورونا اور پولیو سے بچائو کے لیے موثر اقدامات کے معترف ہیں۔خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع، بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، قلعہ عبداللہ اور پشین، اور سندھ میں حیدر آباد اور کراچی میں گندے پانی کے ذریعے پولیو کے پھیلائو کا خطرہ زیادہ ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو سموگ پر قابو پانے کے لئے جامع پالیسی اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے ، وزیراعظم نے وفاقی اور پنجاب و خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومتوں کو آلودگی سے نمٹنے کے لئے مختصر وسط مدتی اور طویل مدتی جامع منصوبہ پر کام کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ یہ ہدایات انہوں نے جمعہ کو ملک میں آبادی سے متعلق مسائل کے بارے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی، وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ آلودگی اگرچہ خاموش قاتل ہے تاہم ماضی کی حکومتوں میں ماحول کا تحفظ ترجیح نہیں رہی ،اب غفلت کی مزید کوئی گنجائش نہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے بڑے شہروں کو آلودگی سے بچانا ہے کیونکہ آلودگی کے باعث بھاری سماجی اور معاشی قیمت ادا کرنی پڑتی ہے ۔ ملک کے تمام میٹروز کے لئے نئی بسیں ،الیکٹرک گاڑیاں ہونی چاہئیں ، ہمیں صنعتوں کو اپنے یونٹ شہروں سے باہر منتقل کرنے اور ماحول کے تحفظ کے لئے جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے لئے مراعات دینی چاہئیں ۔وزیراعظم نے ایئر کوالٹی کنٹرول سسٹم کے فروغ جبکہ موثر پابندیوں کے ساتھ بڑے صنعتی یونٹوں کو شہروں سے باہر منتقل کرنے ، گاڑیوں کو بتدریج الیکٹرک وہیکل میں منتقل کرنے اور معیاری ایندھن استعمال کرنے پر مراعات دینے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہاکہ ہم میاوا کی جنگلات کے طریقہ کے ذریعے اپنے شہروں کی شادابی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ادھروزیراعظم عمران خان نے کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کے نظام کو فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی جو ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں کی فلاح و بہبود کویقینی بنایا جا ئے ۔ یہ ہدایت وزیراعظم نے مشیربرائے سمندر پار پاکستانیز ایوب خان آفریدی سے گفتگو کرتے ہوئے کی جنہوں نے جمعہ کویہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سپین کے ساتھ د ہری شہریت اور پاکستانی نژاد کارڈ کے بغیر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ویزے کے اجرا سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان آئندہ ہفتے گوجرانوالہ کا دورہ کرینگے جہاں وہ یونیورسٹی اور چلڈرن ہسپتال کے قیام کا اعلان کرینگے اور راشن کارڈ بھی دینگے ۔ علاوہ ازیں وزیرِ اعظم سے وفاقی وزیرِ صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار نے ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیر اعظم کوملک میں کھاد کی پیداوار کی استعداد پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ وزیرِ اعظم عمران خان سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا اور ڈی جی سٹرٹیجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج نے ملاقات کی ،وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ملکی دفاع سے متعلق پیشہ ورانہ امور پر گفتگو کی گئی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں