پی ڈی ایم میں واپسی خارج ازامکان:پیپلزپارٹی

پی ڈی ایم میں واپسی خارج ازامکان:پیپلزپارٹی

عمران آئی ایم ایف کے سامنے لیٹ گئے ، ملک گروی رکھ دیا، شازیہ مری ، پی ٹی آئی زوال پذیر،قادرپٹیل،حکمرانوں کو دعائوں کی ضرورت،مرتضیٰ وہاب

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) رہنما پیپلزپارٹی اور ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ پی پی کا پی ڈی ایم میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں،ہم پارلیمان میں متحدہ اپوزیشن کے ساتھ ملکر کام کرتے رہیں گے ،اخلاقیات اور ثقافت کی بات پر حکومت کا طرز عمل افسوسناک ہے ۔عمران خان آئی ایم ایف کے سامنے لیٹ چکے ، ملک گروی رکھ دیا گیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلفٹن میں ممبر قومی اسمبلی قادر پٹیل اور ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ شازیہ مری نے کہا نیازی حکومت پٹرول پر 27 اور ڈیزل پر 30 روپے ٹیکس وصول کررہی ہے جبکہ دنیا میں تیل کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے ۔ انہوں نے کہاحلقہ این اے 133 ضمنی انتخاب میں پی پی کی محنت لائق تحسین ہے ۔سندھ کی ثقافت پانچ ہزار سال پرانی ، معاشرے اور ثقافت کو یاد رکھنے والی قومیں زندہ رہتی ہیں۔ایک کروڑ نوکریوں کا جھوٹا دعویٰ کرنے والے بتائیں عوام کو کتنی نوکریاں دیں ۔ قادر پٹیل نے کہا کہ ملک میں پی ٹی آئی کی زوال پذیر حکومت ہے جو عوام کے فائدے کیلئے کوئی بھی کام نہیں کررہی ۔ مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ حکومت اور اسکے جمہوروں نے ملک کے حالات اتنے بھگاڑ دیئے ہیں کہ انہیں ادویات کی نہیں بلکہ دعاؤں کی اشد ضرورت ہے ،حکومت یہ بتائے کہ کتنے ترقیاتی منصوبے صوبہ سندھ کو دیئے گئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں