سیاچن میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ، 2 میجر پائلٹ شہید

سیاچن میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ، 2 میجر پائلٹ شہید

شہدا میں میجر عرفان برچہ اور میجر راجہ ذیشان جہانزیب شامل، ریسکیو ہیلی کاپٹر ، فوجی دستے جائے حادثہ پہنچ گئے ، اللہ تعالیٰ شہیدوں کی قربانی قبول فرمائے ،فواد،شیخ رشید، وطن کے بہادر بیٹوں کو میرا اور قوم کا سلام،مریم نواز

راولپنڈی (اے پی پی،دنیا نیوز)سیاچن میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں دونوں پائلٹس شہید ہوگئے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیاچن میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹس میجر عرفان برچہ اور میجر راجہ ذیشان جہانزیب شہید ہو گئے ۔ سرچ اینڈ ریسکیو ہیلی کاپٹر اور فوج کے دستے جائے حادثہ پر پہنچ گئے ۔گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کے مطابق حادثہ ضلع گھانچے میں پیش آیا ۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید میجر عرفان اور میجر ذیشان کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی ،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹرمرزا محمد آفریدی،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید ،وزیراطلاعات فواد چودھری ،وفاقی وزیربرائے ریلوے محمد اعظم خان سواتی ،، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم، سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر گرنے کے واقعہ پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ شہید میجرعرفان برچہ اورشہید میجر راجہ ذیشان کی قربانی قبول فرمائے ۔ ہماری تمام دُعائیں اور ہمدردیاں شہدا کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے ہیلی کاپٹر حادثے میں پاک فوج کے پائلٹس کی شہادت پر دل انتہائی غمزدہ ہے ، وطن کے بہادر بیٹوں کو میرا اور قوم کا سلام۔انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لواحقین کیلئے دلی دعائیں بھی کیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں