ایک شیر ،تین شکار :مہنگائی ، نا اہلی، لو ٹ مار :شہباز

ایک شیر ،تین شکار :مہنگائی ، نا اہلی، لو ٹ مار :شہباز

نواز شریف نام ہی کافی ہے ، مریم ،حکومت کی پیشی کا وقت آچکا ، حمزہ شہباز

لاہور (اپنے سیاسی رپورٹر سے ، کورٹ رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں)خانیوال میں ن لیگ کی کامیابی پر مسلم لیگ کے صدر شہباز شریف نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ایک شیر، تین شکار، مہنگائی، نااہلی، اور لوٹ مار، خانیوال کا الیکشن جنوبی پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کا اعتراف ہے ۔ میں پارٹی قائدین اور کارکنوں کی محنت پر شکریہ ادا کرتا ہوں اور شاباش دیتا ہوں۔جنوبی پنجاب کے عوام نے محمد نواز شریف اورمسلم لیگ (ن)پر اعتماد کیا ہے ،عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے ۔ خانیوال کا الیکشن جنوبی پنجاب میں مسلم لیگ (ن)کی عوامی خدمت کا اعتراف ہے ۔ مسلم لیگ (ن) نے جنوبی پنجاب کو جو ترقی دی، عوام نے اس پر اپنے اعتماد کی مہر لگائی ہے ۔ جنوبی پنجاب کے عوام کی خدمت اور انکے حقوق کے تحفظ کا سفر مزید قوت سے آگے بڑھائیں گے ۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ٹویٹ کیا ہے کہ رانا محمد سلیم اور مسلم لیگ ن کو بہت بہت مبارک! جن رہنماؤں اور کارکنوں نے محنت کی ، کام کیا، ان سب کو شاباش ، شیرو !،خانیوال کی شاندار فتح مبارک، نواز شریف نام ہی کافی ہے ۔ دوسری طرف اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی پیشی کا وقت آچکا ہے ۔ عمران نیازی کوملک میں مہنگائی کاحساب دیناہوگا۔ قوم کیساتھ جھوٹے وعدوں کاحساب دیناہوگا،اگر اس قوم نے عوامی مسائل سے چھٹکارا پانا ہے تو حکومت کے سامنے کھڑے ہو جائیں۔حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ تمام مافیاز کے سربراہ روزانہ عمران خان کے ساتھ بیٹھے ہوتے ہیں ،پٹرول کی قیمت کم کر کے اس پر ٹیکس بڑھا دیا گیا ، شرم کرو تمہارے دور میں تو ایک کلو میٹر سڑک تک نہیں بنی ۔ ادھر لاہور کی بینکنگ عدالت نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 4جنوری تک توسیع کردی ،عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلا کو عدالتی دائرہ اختیار پر دلائل کے لیے طلب کر لیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں