پختونخوا، ہسپتالوں میں سہولیات نہیں، لگتا ہے یہ فائیو سٹار ہوٹل بن جائینگے : چیف جسٹس

پختونخوا، ہسپتالوں میں سہولیات نہیں، لگتا ہے یہ فائیو سٹار ہوٹل بن جائینگے : چیف جسٹس

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)چیف جسٹس پاکستان گلزاراحمدنے کہا خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں میں سہولیات نہیں، لگتا ہے کہ یہ فائیو سٹار ہوٹل بن جائیں گے ۔

ایف آئی اے کی حرکات کی وجہ سے پورا ملک عدم استحکام کا شکار ہے ، چیف جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اقلیتوں کے حقوق سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کی،اقلیتی رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے کہا خیبرپختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں می اقلیتوں کیلئے کوئی سہولیات نہیں ہیں،چیف جسٹس نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سے کہا کیا انہوں نے کبھی خیبرپختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں کا دورہ کیا ہے ؟چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے کہا دفتر جوائن کیے کچھ عرصہ ہوا ہے ،ایک ہسپتال کا دورہ کیا جس میں تمام طبی سہولیات موجود تھیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کو یہ بیان زیب نہیں دیتا، آپ کیلئے تو ہر جگہ سہولتیں موجود ہیں، ہسپتالوں میں عام شہریوں کیلئے کوئی سہولت نہیں ،مجھے یہ خطرہ لگ رہا ہے کہ جلد خیبرپختونخواکے ہسپتال فائیو سٹار ہوٹل بن جائیں گے ۔پیٹرن انچیف ہندوکونسل نے کہا فضل ٹائون کراچی میں دھرم شالہ کی زمین پر کمرشل پلازہ بنایا جا رہا ہے ، اس پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ نے بتایا کہ دھرم شالہ قدیم تھا اور زمین متروکہ وقف کی ہے ، اس پر تعمیرات ہو سکتی ہیں،چیف جسٹس نے کہا کہ کیا اس طرح تمام پرانی عمارتیں گرانے کا حکم دے دیں؟1932میں قائم دھرم شالہ آپ اصل حالت میں محفوظ نہیں کر سکے ، چیئرمین صاحب! آپ اپنی ذمہ داریوں سے فرار حاصل نہیں کر سکتے ۔

لاہور کے جین مندر اور نیلا گنبد پر کیا کارروائی کی ہے ؟ ایف آئی اے تفتیش کے نام پر جال بچھا دیتا ہے کہ کتنی مچھلیاں بیچ میں آئیں گی،پورا ملک ان حرکات کی وجہ سے عدم استحکام کا شکار ہے ،ایف آئی اے لوگوں کو ہراساں نہ کرے ، لوگوں کو ایف آئی اے سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے کہ یہ انہیں اٹھا کر لے جائیں گے ۔عدالت نے ایف آئی اے کو کراچی میں دھرم شالہ کی زمین پرقبضے کا مقدمہ اور شواہد پیش کرنے جبکہ چیف سیکرٹری کے پی کو صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار پر تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کردی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں