سانحہ مری : برف ہٹانے والی 20 گاڑیاں ایک ہی مقام پر، ڈرائیور نہ عملہ

سانحہ مری : برف ہٹانے والی 20 گاڑیاں ایک ہی مقام پر، ڈرائیور نہ عملہ

مری (اکنامک رپورٹر،آئی این پی) سانحہ مری میں جانوں کے ضیاع کی تحقیقات کرنیوالی کمیٹی کے سامنے سنگین نوعیت کی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔

برف صاف کرنیوالی 29میں سے 20گاڑیوں کی ایک ہی جگہ موجودگی،عملہ اور ڈرائیوروں کی غیرموجودگی کا انکشاف ہوا ہے ،راولپنڈی میں میٹرولوجیکل آفس سرے سے موجود ہی نہیں، انتظامیہ برفانی طوفان کی آمد سے بے خبر رہی۔ کمیٹی نے آپریشنل عملے اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کے بیانات قلمبند کرلیے ہیں، جس دوران انکشاف ہوا ہے کہ برف ہٹانے والی 29 گاڑیوں میں سے 20 ایک ہی مقام سنی بینک میں کھڑی تھیں جن کے ڈرائیورزتھے نہ عملہ،محکمہ جنگلات کے اہلکاربھی تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے ۔

کمیٹی نے عملے کی تفصیلات اور ان کی ذمہ داریوں کی فہرست طلب کرلی ۔برفباری سے ہونے والی اموات کی تحقیقات میں تفتیش حتمی مرحلہ میں داخل ہو گئی ، معلوم ہوا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے مری کے داخلی راستوں اور سڑکوں سے تقریباً 50 ہزار گاڑیاں واپس بھیجیں۔ادھر مسلسل نویں روز بھی مری میں سیاحت بند رہی،ہوٹل اور بالکونیاں ویرانی کا منظر پیش کرتی رہیں۔ مری جانے کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ مزید دو روز بند رہے گی۔پبلک ٹرانسپورٹ بند ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں