پٹرول 3.01، ڈیزل اور مٹی کا تیل 3 روپے فی لٹر مہنگا : وزارت خزانہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا

پٹرول 3.01، ڈیزل اور مٹی کا تیل 3 روپے فی لٹر مہنگا : وزارت خزانہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا

اسلام آباد،لاہور(خصوصی نیوز رپورٹر، دنیانیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت نے پٹرول 3روپے ایک پیسہ، ڈیزل اور مٹی کا تیل 3 روپے فی لٹر مہنگا کردیا۔

وزارت خزانہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، پٹرول کی قیمت 3 روپے ایک پیسہ کے اضافہ سے 144 روپے 82 پیسے سے بڑھ کر 147 روپے 83 پیسے ہوگئی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 3 روپے کے اضافے سے 141 روپے 62 پیسے سے بڑھ کر 144 روپے 62 پیسے ہوگئی۔ مٹی کے تیل کی قیمت 3 روپے کے اضافے سے 113 روپے 48 پیسے سے بڑھ کر 116 روپے 48 پیسے ہوگئی۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت 3 روپے 33 پیسے کے اضافے سے 111 روپے 21 پیسے سے بڑھ کر 114 روپے 54 پیسے ہوگئی۔

نوٹیفکیشن  کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 16 جنوری سے ہوگیا، 15 روز قبل بھی حکومت نے نئے سال پر پٹرولیم مصنوعات 4 روپے 15 پیسے تک مہنگی کردی تھیں۔ وزارت خزانہ نے کہا عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے اور عالمی مارکیٹ میں قیمت کی قدر میں گزشتہ ہفتے 6.2 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا ہے ، سیلز ٹیکس میں کمی کی وجہ سے وزارت خزانہ کا 2.6 ارب روپے کا ریونیو کم ہوگا، حکومت نے صارفین کو ریلیف دینے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں جزوی اضافے کا فیصلہ کیا ہے ۔

دوسری طرف ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ایک دفعہ پھر وزیراعظم نے اوگرا کی تجویز مسترد کردی، پچھلے 15 دن میں عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں 10 فیصد اضافہ ہوا مگر حکومت نے صرف 2 فیصد اضافہ کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں