تحریک عدم اعتماد، تاریخوں کا تعین آج پی ڈی ایم اجلاس میں ہو گا

تحریک عدم اعتماد، تاریخوں کا تعین آج پی ڈی ایم اجلاس میں ہو گا

اسلام آباد (طارق عزیز)وزیراعظم عمران خان ، چیئرمین سینیٹ ، سپیکر قومی اسمبلی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے حتمی تاریخوں کا تعین آج پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں کیا جائیگا ۔

قوی امکان ہے کہ تحریک عدم اعتماد کا  آغاز سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلہ پر چیئرمین سینیٹ کو ہٹایا جائے ۔ فائنل راؤنڈ وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہوگا ،ان ہاؤس تبدیلی کی صورت میں نئے وزیراعظم کے نام پر اپوزیشن اتحاد میں غور جاری ہے ۔ قائد (ن) لیگ نوازشریف اور مولانا فضل الرحمن نے ان ہاؤس تبدیلی کیلئے مشروط رضا مندی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیا سیٹ اپ تین سے 6 ماہ کیلئے ہونا چاہئے تاکہ ان ہاؤس تبدیلی کی صورت میں نیا وزیراعظم 6 ماہ بعد شفاف انتخابات کرانے کا پابند ہوگا ۔

رپورٹ کے مطابق حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا آپشن وقتی طور پر پس منظر میں چلاگیا ۔ آج کے اجلاس میں یہ طے کیا جائے گا کہ اپوزیشن جماعتوں کا نمائندہ وفد وزیراعظم کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کے سلسلہ میں چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کرے گا ۔ ملاقات میں ای وی ایم کے ذریعے ووٹنگ کے بارے میں اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کرے گا ۔27 مارچ کو پنجاب ، اسلام آباد ، کے پی کے باقی ماندہ اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کے پیش نظر 23 مارچ کی تاریخ تبدیل کرنے پر بھی غور ہوگا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں