ہر خاندان کیلئے صحت کارڈ، نئے 23 ہسپتال، پنجاب کو ماڈل صوبہ بنائینگے : بزدار

ہر خاندان کیلئے صحت کارڈ، نئے 23 ہسپتال، پنجاب کو ماڈل صوبہ بنائینگے : بزدار

لاہور(سیاسی رپورٹر سے ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکرادا کرتا ہوں کہ ا س نے ‘نیا پاکستان قومی صحت کارڈ’ کے ذریعے ہمیں عوام کی خدمت کی توفیق دی ۔

ہرخاندان کیلئے صحت کارڈ ہو گا ، نئے 23 ہسپتال بن رہے ،پنجاب کو ماڈل صوبہ بنائینگے ،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہیلتھ کارڈ کا اجراء خیبرپختونخوا سے شروع ہوا اور ہیلتھ کارڈ کا یہ سفر ساہیوال، ڈیرہ غازی خان اور لاہور ڈویژن سے ہوتا ہوا آج راولپنڈی ڈویژن تک پہنچا ہے ۔ راولپنڈی ڈویژن کے تقریباً 30لاکھ خاندان مفت علاج کرا سکیں گے ۔ راولپنڈی، جہلم، اٹک اور چکوال کے اضلاع کے شہری 10 لاکھ روپے تک سالانہ مفت علاج کی سہولت سے مستفید ہوں گے ۔ وہ وزیراعظم آفس میں ‘نیا پاکستان قومی صحت کارڈ’ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام پر پنجاب حکومت 400 ارب روپے خرچ کر ے گی اور مارچ کے آخر تک پنجاب کے ہر خاندان کو ‘صحت کارڈ’ کے ذریعے مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی۔ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں 8 مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بن رہے ہیں۔ پنجاب سمیت پورا پاکستان ‘نیا پاکستان قومی صحت کارڈ’ کی سہولت سے مستفید ہوگا۔اپنے بیان میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن انتشار پھیلاکر اپنے منفی عزائم کی تکمیل چاہتی ہے ۔عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کو 5 برس کا مینڈیٹ ملا ہے اور حکومت مدت پوری کرے گی۔وزیراعلیٰ سے وزیراعلیٰ آفس میں گجرات سے تعلق رکھنے والے اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی ۔

عثمان بزدار نے کہا کہ منفی سیاست کا جواب ہمیشہ عوامی خدمت سے دیا ہے ۔ ملک میں پی ڈی ایم کی انتشار پھیلانے کی سیاست نہیں چلے گی۔ عثمان بزدار اوکاڑہ کے علاقے کرمانو الہ گئے ۔صمصام علی بخاری سے ان کے بھائی سجادہ نشین آستانہ عالیہ کرمانوالہ شریف پیر سید میر طیب علی شاہ بخاری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔اس موقع پر بزدار کا کہنا تھا کہ جس نے لانگ مارچ کرنا ہے کر لے ہم اپنا کام کرتے رہیں گے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ایک سائل نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے سید والا شدید ٹوٹے ہوئے روڈ کو مرمت کرنے کی درخواست کی جس پر انہوں نے اس روڑ کو فوری طور پر مرمت کرنے کا حکم جاری کیا۔

دوسری طرف بزدار نے پاکستان سپر لیگ7 کے آغاز پر مبارکباد دی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں