چیف جسٹس نے ملک کو آئینی بحران سے بچایا:قانونی ماہرین

چیف جسٹس نے ملک کو آئینی بحران سے بچایا:قانونی ماہرین

لاہور(محمد اشفاق سے ) ملک کو آئینی بحران سے بچانے پر وکلا تنظیموں ،آئینی اور قانونی ماہرین نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ، وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل حفیظ الرحمن چودھری نے کہا چیف جسٹس نے حقیقی معنوں میں نظریہ ضرورت کو دفن کر دیا اور آئین پاکستان کی حفاظت کی ،جس سے ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی ہوئی ۔

 اشتر اوصاف کا کہنا تھا چیف جسٹس بروقت اقدامات نہ کرتے تو آج ملک میں یہ صورتحال نہ ہوتی ملک میں جمہوریت اور آئین کی مضبوطی چیف جسٹس کے اقدام سے ممکن ہوئی ۔صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن احسن بھون نے کہا چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے جس طرح ملک کو آئینی اور قانونی بحران سے بچایا نہ دن دیکھا نہ رات اور نہ ہی چھٹی کا روز دیکھا ،چیف جسٹس آئین پاکستان کے حقیقی محافظ ہیں ۔

آئندہ کسی کو آئین توڑنے کی جرات نہیں ہوگی، انہوں نے کہا چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا نام تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا ۔صدر لاہور ہائیکورٹ بار سردار اکبر ڈوگر نے کہا ماضی میں بہت چیف جسٹس آئے لیکن جس طرح ملک میں جمہوری نظام اور آئین پاکستان کی حفاظت چیف جسٹس نے کی اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا پورے ملک کے وکلا چیف جسٹس پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں