وزیر اعظم کا انتخاب کیسے ہوتا ہے ؟

 وزیر اعظم کا انتخاب کیسے ہوتا ہے ؟

لاہور (دنیا ما نیٹرنگ)وزیراعظم کا عہدہ خالی ہونے کی صورت میں نئے وزیراعظم اور قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کا طریقہ آئین اور قانون میں موجود ہے ، جس کی روشنی میں یہ مرحلہ انجام دیا جاتا ہے ۔

آئین کے مطابق وزیراعظم منتخب ہونے کے لیے ایوان کے ارکان کی کل تعداد میں سے سادہ اکثریت درکار ہوتی ہے ۔ اسمبلی کے ارکان کی کل تعداد 342 ہے جبکہ وزیراعظم کو منتخب ہونے کے لیے 172 ارکان کے ووٹ حاصل کرنا ضروری ہے ۔ نئے قائد ایوان کا انتخاب سپیکر کراتا ہے ۔ سابق ایڈیشنل سیکرٹر ی اسمبلی اور کئی وزرائے اعظم کے انتخاب کے مواقعوں پر ایوان میں خدمات انجام دینے والے طاہر حنفی نے بتایا کہ ‘آئین کے آرٹیکل 91 کے تحت قائد ایوان کو قومی اسمبلی میں موجود مجموعی اراکین کی تعداد کی اکثریت کے ذریعے منتخب کی جاتا ہے ۔لیکن اگر کوئی امیدوار وزیراعظم کے انتخاب کے دوران درکار واضح اکثریت یعنی 172 ووٹ حاصل نہ کر سکے تو پہلے مرحلے میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والے دو امیدواروں کے درمیان دوبارہ انتخاب کرایا جاتا ہے ۔ جس میں 172 ارکان کا ووٹ حاصل کرنے والا وزیر اعظم منتخب ہو جاتا ہے ۔

اگر دوسرے مرحلے میں بھی کوئی امیدوار 172 ووٹ حاصل نہ کر سکے تو تیسرا راؤنڈ کیا جاتا ہے جس میں ایوان میں موجود ارکان کی اکثریت حاصل کرنے والا وزیراعظم منتخب ہو جاتا ہے ۔قواعد کے مطابق وزیراعظم کا امیدوار بننے کے لیے مسلمان ہونا لازمی شرط ہے ۔ اسمبلی ارکان کی جانب سے تجویز اور تائید کنندگان جو کہ خود بھی رکن اسمبلی ہوں۔ کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں۔ جن کی جانچ پڑتال سپیکر قومی اسمبلی کرتا ہے ۔ سپیکر کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے والے امیدواروں کے کاغذات مسترد کر دے ۔ مگر اس کے لیے سپیکر کو وجہ بتانا ضروری ہوتا ہے ۔ کاغذاتِ نامزدگی حتمی طور پر منظور ہونے کے بعد وزیرِاعظم کے انتخاب کا عمل اوپن ووٹنگ کے ذریعے ہوتا ہے ۔ ووٹنگ شروع ہونے سے قبل سپیکر حتمی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرتا ہے ۔

اگر دو یا دو سے زائد امیدوار ہیں تو ان کے انتخاب کے لیے سپیکر ارکان اسمبلی کو الگ الگ لابیوں میں جانے کی ہدایت کرتا ہے ۔جب ارکان اس متعلقہ لابیز میں چلے جاتے ہیں جہاں اسمبلی میں موجود عملہ ناموں کا اندراج کر لیتا ہے ۔ ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد عملہ تحریری طور پر ووٹنگ کی گنتی سے متعلق سپیکر کو آگاہ کرتا ہے ، جو ایوان میں نتیجے کا اعلان کرتا ہے ۔اگر وزیراعظم کے لیے ایک ہی امیدوار ہو اور اس کو 172 ارکان کی حمایت حاصل ہو تو سپیکر بلامقابلہ اس کی کامیابی کا اعلان کر دیتا ہے ۔ تاہم اگر اس کے حق میں 172 ارکان سامنے نہ آئیں تو وزیراعظم کے انتخاب کا تمام عمل نئے سرے سے شروع کیا جاتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں