لاہور:وفاقی عدالتیں یکجا کرنے کی منظوری،نیا جوڈیشل کمپلیکس تعمیر کیا جا ئیگا
لاہور(محمد اشفاق سے )وفاقی حکومت نے سائلین اور وکلا کے مسائل کے پیش نظر لاہور کے مختلف علاقوں میں قائم احتساب،بینکنگ و دیگر عدالتوں کو یکجا کرنے کا فیصلہ کرلیا،وفاقی وزیر قانون کی سفارش پر وزیراعظم نے عدالتوں کو یکجا کرنے کی منظوری دیدی۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وکلا برادری کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا،لاہور میں احتساب عدالت جوہر ٹاؤن، اے این ایف اور بینکنگ عدالتیں لٹن روڈ ،صارف عدالت ریواز گارڈن، لیبر عدالتیں مسلم ٹاؤن این آئی آر سی و دیگر عدالتیں مختلف علاقوں میں قائم ہیں جس کی وجہ سے وکلا اور سائلین کو کیسز کے باعث سارا دن لاہور کے ایک کونے سے دوسرے کونے میں جانا پڑتا ہے ،اس سے وقت اور پیسوں کاضیاع ہوتا ہے ۔
وکلا نے یہ مطالبہ کیا تھا کہ لاہور کی تمام وفاقی عدالتوں کو ایک ہی جگہ منتقل کیا جائے ۔اس سلسلے میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور وکلا کے مسائل سے آگاہ کیا جس کے بعد وزیراعظم نے وفاقی وزیر قانون کو وکلا برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
وزیراعظم نے لاہور کی تمام وفاقی عدالتوں کو یکجا کرنے سے متعلق وزیر قانون کی تجویز منظوری کرلی جس کے بعد لاہور میں تمام عدالتوں کو یکجا کرنے کے لیے نیا جوڈیشل کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔جس میں تمام عدالتیں ،وکلا کے بار رومز، خواتین وکلا کے باررومز اور سائلین کے بیٹھنے کیلئے وسیع جگہ مہیا کی جائے گی۔تمام عدالتوں کو یکجا کرنے سے متعلق پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار اور لاہور ہائیکورٹ بار نے وزیراعظم میاں شہباز شریف اور وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے اقدامات کو سراہاہے ۔