25مئی تشدد، 48گھنٹے میں ایف آئی آر کریں:پی ٹی آئی قیادت

25مئی تشدد، 48گھنٹے میں ایف آئی آر کریں:پی ٹی آئی قیادت

لاہور(محمد حسن رضا سے) 25مئی کو پی ٹی آئی رہنمائوں اور کارکنوں پر تشدد ، مقدمات درج کرنے کے معاملے پر سنجیدہ ایکشن نہ ہونے پر پی ٹی آئی سینئر رہنمائوں نے شدید تشویش کا اظہارکردیا،

 پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور دیگر سینئر قیادت نے سابق سی سی پی اولاہور، ڈی آئی جی آپریشنز سمیت دیگر افسروں اور ن لیگی رہنمائوں کیخلاف ایف آئی آر کیلئے حکومت پنجاب کو 48گھنٹے کا وقت دیدیا، فوری گرفتاریوں کا بھی فیصلہ کیا گیا ، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو بھی تفتیش کیلئے نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ ہوا ، گزشتہ روز ہونے والے اجلاس کی عمران خان نے صدارت کی جس میں سینئر رہنمائوں اور صوبائی وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر بھی شریک تھے ،اجلاس میں سابق وفاقی وزیر کی جانب سے کہا گیا کہ ہمیں کسی کی جانب سے باتیں نہیں بلکہ ایکشن چاہیے جب سب ہی ایک پیج پر ہیں تو تاخیر کیوں؟ پی ٹی آئی رہنمائوں نے کہا کہ جس طرح بے رحمی کیساتھ پی ٹی آئی رہنمائوں و کارکنوں پر تشدد کیا گیا یہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے ، 48گھنٹوں میں ایف آئی آردرج کرنے سے متعلق پنجاب کے حکومتی عہدیدار کو آگاہ کردیا اور واضح کیا کہ 48گھنٹوں میں ایف آئی آرز درج نہ کرنے پر ڈسپلنری ایکشن یا دیگر اقدامات پر غور ہوگا، آئی جی پنجاب کو پولیس افسروں اور ن لیگی رہنمائوں پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست کردی ،اس حوالے سے وزیر داخلہ پنجاب کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنمائوں کے شدید تحفظات ہیں کہ ابھی تک افسروں ، اہلکاروں اور سیاسی افراد جنہوں نے تشدد کروایا ان پر مقدمات درج کیوں نہ ہوئے ،تفتیش مکمل کرکے فوری ایف آئی آرز درج کریں گے ، وزیرِداخلہ پنجاب نے مزید کہا 25 مئی کو نہتی اور پرامن خاتون پر پستول تاننے والے سب انسپکٹر عابد جٹ کو محکمانہ کارروائی کر کے مجاز اتھارٹی نے ملازمت سے برخاست کر دیا ہے ، پنجاب پولیس ایک پروفیشنل ادارہ ہے اور کالی بھیڑوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں