رانا ثنا لانگ مارچ میں رکاوٹ ، یہ گرفتار کرانا چاہتے :خواجہ آصف

رانا ثنا لانگ مارچ میں رکاوٹ ، یہ  گرفتار کرانا چاہتے :خواجہ آصف

سیالکوٹ، اسلام آباد (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر، نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے گزشتہ انتخابات سے قبل ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے سمیت کئی وعدے کئے جو معلوم نہیں کدھر گئے ۔

رانا ثنا لانگ مارچ میں رکاوٹ ہیں اور یہ ان کوگرفتار کرانا چاہتے ہیں، رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے لیکن ہمیں گرفتاریوں اور پنجاب حکومت کا کوئی خوف نہیں ۔ عمران خان کی نہ جانے مزید کتنی آڈیوز آنی ہیں۔ ہمیں آڈیو لیک کے حوالے سے شک نہیں، آڈیواگرجعلی ہیں توعمران خان ان کا فرانزک کروائیں ۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب اورسیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے مزید کہا کہ گرفتار کرنا ہے تو کر لیں میرے خلاف کیس کی گفتگو بھی سامنے آ گئی ۔ پاکستان کے کرپٹ ترین لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں۔ گزشتہ ادوار میں مارشل لاسے ملک کو نقصان پہنچا ،نیوٹرلز کو نیوٹرلزہی رہنا چاہئے ۔ذاتی مفاد پر قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہئے ۔ عمران نے قتل کے منصوبے کا نیا بیانیہ تیار کر لیا ۔ وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عوام کو اس کا اصلی چہرہ دکھانے کے لیے ضروری ہے ہرچیز سامنے لائی جائے ، آنے والے دنوں میں آہستہ آہستہ ان کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ عمران خان نے ترلے منتیں کرکے صدر کو آرمی چیف کے پاس بھیجا، سب سمجھ رہے ہیں مارچ اپریل تک کیوں انہوں نے آفر کی ۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں آج بھی دفاع کی لڑائی فوج لڑرہی ہے وہاں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ نوازشریف واپس آئے تھے جب ان کو پتا تھا کہ گرفتار ہونا ہے اور وہ اب بھی بالکل واپس آئیں گے یہ ان کا وطن ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں