آزاد کشمیر بلدیاتی الیکشن:تحریک انصاف 829 ،آزاد696،ن لیگ497،پی پی 460 سیٹوں کامیاب

آزاد کشمیر  بلدیاتی  الیکشن:تحریک  انصاف 829 ،آزاد696،ن  لیگ497،پی پی 460   سیٹوں  کامیاب

مظفرآباد،میرپور (اے پی پی، ڈسٹرکٹ رپورٹر )آزاد کشمیر میں 31سال بعد ہونیوالے بلدیاتی انتخابات کے تینوں مراحل پرامن طور پر مکمل ہو گئے ، تحریک انصاف 829 نشستوں کے ساتھ سرفہرست رہی، مسلم لیگ (ن)497، پاکستان پیپلز پارٹی 460 جبکہ آزاد امیدواروں نے 696 نشستیں حاصل کیں۔

دارالحکومت مظفرآباد میں چیئرمین ضلع کونسل پیپلز پارٹی جبکہ میئر ن لیگ بنا لے گی ،جبکہ میرپور اور  باغ کی میئر شپ تحریک انصاف ،باغ کی چیئرمین شپ تحریک انصاف اور وائس چیئرمین شپ مسلم کانفرنس کو ملنے کا امکان ہے ۔ نیلم ویلی میں پی ڈی ایم آزاد امیدواروں کی حمایت سے چیئرمین بنا سکتی ہے ۔میئر مظفرآباد کیلئے ن لیگ کے سٹی صدر انجم زمان موسٹ فیورٹ جبکہ چیئرمین کیلئے عظمت اعوان کا پلڑا بھاری ہے ، مقامی حکومتوں کی تشکیل کیلئے جوڑ توڑ اور مشاورتی اجلاسوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں آزاد حیثیت میں کامیاب بلدیاتی نمائندے اہم کردار ادا کرینگے ۔

چیئرمین ضلع کونسل،میئرز ،ایڈمنسٹریٹرز اور سپیشل سیٹوں کے انتخابات کے لئے لابنگ شروع کر دی گئی ہے ۔ آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلہ میں مظفرآباد ، نیلم اور جہلم ویلی کے اضلاع میں پولنگ 27 نومبر کو ہوئی تھی جس میں ضلع کونسل کی کل 74 نشستوں میں سے 73کے نتائج سامنے آئے ۔ تحریک انصاف 32 ڈسٹرکٹ کونسلرز کیساتھ پہلے ، پیپلز پارٹی 11 کے ساتھ دوسرے جبکہ مسلم لیگ (ن)11 کونسلرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی، 4 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ۔ مسلم کانفرنس نے 3 نشستیں حاصل کیں۔ یونین کونسل کی 535 نشستوں میں سے پیپلز پارٹی 159 نشستوں کے ساتھ سرفہرست رہی۔ تحریک انصاف 148، (ن)لیگ 98، مسلم کانفرنس 18، تحریک لبیک ، جے یو آئی جموں و کشمیر اور جماعت اسلامی نے ایک، ایک نشست حاصل کی جبکہ 105 آزاد امیدوار کامیاب قرار پائے ۔

میونسپل کارپوریشن کے 36 وارڈز میں مسلم لیگ (ن)12 کونسلرز کے ساتھ سرفہرست رہی۔ تحریک انصاف 8، پیپلز پارٹی 7، آزاد7 اور مسلم کانفرنس 2 کونسلرز منتخب کرا سکی۔ 3 میونسپل کمیٹیوں کی 10 نشستوں میں سے پیپلز پارٹی 5 کے ساتھ نمایاں رہی، تحریک انصاف 4 جبکہ ایک نشست مسلم لیگ (ن) کے حصے میں آئی۔ چار ٹاؤن کمیٹیوں میں مسلم لیگ (ن)اور تحریک انصاف نے 5، 5 نشستیں حاصل کیں، پیپلز پارٹی کے 2اور 2 ہی آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ۔ دوسرے مرحلہ میں پونچھ ڈویژن میں 3 دسمبر کوہونیوالی پولنگ میں تحریک انصاف نے مجموعی طور پر 259 ،مسلم لیگ (ن)نے 139 نشستیں ،پیپلز پارٹی نے 125 ،آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے 29 ،جموں و کشمیر پیپلز پارٹی نے مجموعی طور پر 30 ،جماعت اسلامی نے یونین کونسل کی 7 نشستیں حاصل کیں۔ جے یو آئی جموں و کشمیر نے 4 ،تحریک لبیک نے یونین کونسل کی 6 نشستیں حاصل کیں جبکہ 263 آزاد کامیاب قرار پائے ۔

علاوہ ازیں تیسرے اور آخری مرحلہ میں میرپور ڈویژن کی 1083 میں سے 1071 نشستوں کے نتائج کے مطابق تحریک انصاف 372 نشستوں کے ساتھ پہلے جبکہ آزاد امیدوار 313 نشستوں کے ساتھ دوسرے ،مسلم لیگ ن 230 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ، مسلم کانفرنس 8،پیپلز پارٹی 140،تحریک لبیک 7 جبکہ جماعت اسلامی صرف ایک نشست حاصل کر سکی ۔ دو میونسپل کارپوریشنز کی 60 نشستوں کے نتائج کے مطابق میرپور کی کل 46 نشستوں میں سے پی ٹی آئی 23 ، آزاد امیدوار 10،مسلم لیگ 12 جبکہ پیپلز پارٹی کو صرف ایک نشست مل سکی، میرپور کارپوریشن کے دو آزاد امیدوار تحریک انصاف میں شامل ہو گئے جس سے تحریک انصاف 25 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے ۔

جبکہ کوٹلی میونسپل کارپوریشن کی کل 14 نشستوں میں سے آزاد 6 ، تحریک انصاف 4 ، مسلم لیگ ن 3 جبکہ پیپلز پارٹی کے حصے میں صرف 1 نشست آسکی، ٹاؤن کمیٹی کھوئی رٹہ ضلع کوٹلی کی 4 نشستوں میں سے 2پر مسلم لیگ ن ، 1پرتحریک انصاف جبکہ ایک آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوا۔میونسپل کمیٹی بھمبر کی کل 8 نشستوں میں سے 4 پر مسلم لیگ ن جبکہ 4 تحریک انصاف نے جیت لیں ۔ٹاؤن کمیٹی کوٹ جیمل ضلع بھمبر کی 4 نشستوں میں سے 2پر آزاد امیدوار جبکہ ایک ایک نشست پرمسلم لیگ ن اور مسلم کانفرنس نے کامیابی سمیٹ لی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں