تشدد :متاثرہ لڑکی سمیت 5طالبات سکول سے بیدخل

تشدد :متاثرہ لڑکی سمیت 5طالبات سکول سے بیدخل

لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے ،دنیا نیوز)لاہور کے سکول میں طالبہ پر تشدد کا معاملہ، سکول انتظامیہ نے متاثرہ سمیت 5طالبات کو سکول سے نکال دیا،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے اپنی انکوائری رپورٹ ڈی سی لاہور کو ارسال کردی۔

انکوائری کمیٹی کی سکول کو 6لاکھ روپے جرمانے ، رجسٹریشن معطل کرنیکی سفارش، 4عینی شاہدین کے بیانات قلمبند، سکول پرنسپل  سمیت 7ملزم نامزد، 5رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنادی گئی۔ تفصیل کے مطابق ڈی ایچ اے فیز 4 کے ایک نجی سکول کے کیفے ٹیریا کے باہر پیش آنے والے واقعہ میں ملوث طالبات کو سکول سے نکال دیاگیا،دوسری جانب ڈی او زنانہ ایلیمنٹری ایجوکیشن لاہور، ڈپٹی ڈی او کینٹ اور ڈپٹی ڈی او ماڈل ٹاؤن پر مشتمل انکوائری کمیٹی نے رپورٹ مکمل کرلی۔سی ای او ایجوکیشن لاہور نے اپنی انکوائری رپورٹ ڈی سی لاہور کو ارسال کر دی۔ڈی سی لاہور محمد علی سفارشات کی روشنی میں سکول کی رجسٹریشن کو معطل کرنے یا جرمانہ کا فیصلہ کریں گے ۔رپورٹ کے مطابق سکول میں نظم و ضبط کا فقدان ہے ۔ کیفے ٹیریا کے داخلی راستے پر کیمروں کی تنصیب نہ تھی،لڑائی جھگڑا کرنے والی طالبات آپس میں دوست تھیں۔ واقعہ سکول سے باہر سٹوڈنٹ پارٹی کی تصاویر والدین کے ساتھ شیئر کرنے پر پیش آیا۔انکوائری افسروں نے تشدد کرنے والی طالبات کے نام سکول سے خارج کرنے کی بھی سفارش کی ۔طالبہ پر تشدد کیس میں نامزد 7 ملزمان میں پرنسپل بلال، کینٹین ملازم ناصر، حنان جتوئی، عبدالحنان ،سومیت، محمد حسن اوراسماعیل شامل ہیں۔ واقعہ کی تحقیقات کے لیے محکمہ تعلیم کی جانب سے 5 افراد پر مشتمل کمیٹی بنا دی گئی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں