یوم یکجہتی کشمیر :ملک بھر میں ریلیاں،پالیسی میں طاقت پیدا کرنا ہوگی ،بھارتی مظالم مزید نہیں چل سکتے :شہباز شریف

یوم  یکجہتی  کشمیر :ملک  بھر  میں  ریلیاں،پالیسی   میں  طاقت   پیدا  کرنا  ہوگی ،بھارتی   مظالم  مزید  نہیں  چل  سکتے :شہباز  شریف

لاہور،اسلام آباد ،مظفرآباد،پشاور(سپیشل رپورٹر،ہیلتھ رپورٹر،سیاسی رپورٹرسے ،اپنے رپورٹر سے ،وقائع نگار، نیوز ایجنسیاں)پاکستان سمیت آزادکشمیر اور گلگت و بلتستان بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم یکجہتی کشمیربھرپور جذبے کیساتھ منایا گیا۔

 مسلم لیگ ن، پاکستان تحریک انصاف، پیپلزپارٹی ، جے یو آئی ، جماعت اسلامی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے لاہور ، اسلام آباد،  کراچی ، کوئٹہ ، پشاور ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، قصور، گجرات،ساہیوال، اوکاڑہ، جھنگ، حافظ آباد،نارووال و دیگر اضلاع میں ریلیوں کے علاوہ جلوس نکالے ،مارچ کئے گئے ۔ شرکا نے ہاتھوں میں مختلف بینرز، پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پربھارت کیخلاف نعرے درج تھے ۔آزاد کشمیر میں بھمبر سے تاؤ بٹ تک ریلیاں نکالی گئیں۔تفصیلات کے مطابق کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 5فروری کو یوم یکجہتی کے موقع پر لاہور میں مسلم لیگ ن کشمیر ونگ کے زیراہتمام الحمرا ہال مال روڈ چوک سے اسمبلی ہال چوک تک خواجہ عمران نذیر ، سیف الملوک کھوکھر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی اور ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی، اس موقع پرشرکا کی جانب سے کشمیر بنے گا پاکستان،کشمیر ہمارا ہے سارے کا ساراہے ودیگر نعرے لگائے گئے ۔ ریلی سے خطاب کرتے خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ جس دن سے پانچ کے ٹولہ نے نوازشریف کو باہر نکالا اس کے بعد کشمیر کا کیس کسی نے نہیں لڑا ۔ جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام زمان پارک کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ مرکزی نائب صدر سینیٹر اعجاز چودھری،ممبر کشمیر قانون ساز اسمبلی غلام محی الدین دیوان ،صدر پی ٹی آئی لاہور شیخ امتیاز محمود نے شرکا سے خطاب کرتے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر پر اپنا جابرانہ تسلط فوری طور پر ختم کر دے ۔ پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی پریس کلب سے پنجاب اسمبلی تک صدائے کشمیر مارچ کیا گیا۔

شرکا سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری وسطی پنجاب سردار محمد طاہر ڈوگر نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر پر کوئی\" بند ر بانٹ\" قبول نہیں کریں گے ۔ادھرچیئرنگ کراس مال روڈ پر پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام یکجہتی کیمپ لگایا گیا ،شرکا نے کشمیریوں کے حق میں نعرے بازی کی جبکہ اس موقع پر پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل نے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر جلد آزاد ہوگا ۔جبکہ جماعت اسلامی کی یکجہتی کشمیر ریلی لبرٹی سے ہوتی ہوئی چیئرنگ کراس پہنچی جس کی قیادت جاوید قصوری، ذکر اللہ مجاہد، احمد سلمان بلوچ و دیگر نے کی ، ریلی میں شرکا کی کثیر تعداد موجود تھی، شرکا ہاتھوں میں پرچم تھامے کشمیر کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے ۔اس موقع پر احمد سلمان بلوچ نے کہا کہ کشمیر نہ صرف کشمیریوں کیلئے زندگی موت کا مسئلہ بلکہ پاکستان کی بھی شہ رگ ہے ۔دیگر شہروں میں ریلیوں سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی مکمل آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔جمعیت علما اسلام (ف)کے امیر مو لا نا فضل الرحمن کی اپیل پر جے یو آئی نے صوبائی اورضلعی ہیڈ کواٹرز میں ریلیاں نکالیں ،جے یو آئی کے ڈپٹی سیکر ٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے اس موقع پر کہا کہ وقت قریب آرہا ہے جب بھارتی مظالم کاخاتمہ ہوگا ۔علاوہ ازیں گجرات میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ گجرات کے زیر انتظام حرمت قرآن و یکجہتی کشمیر کارواں کا انعقاد کیا گیا اس حوالے سے گجرات شہر میں کیمپ لگائے گئے - کچہری چوک تا جی ٹی ایس چوک تک کارواں میں شرکا ‘‘کشمیریوں سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ ’’، ‘‘کشمیر بنے گا پاکستان ’’کے نعرے لگاتے رہے -اس موقع پر محمد سجاد ،سلیمان شوکت ، فیصل محمود، سجاد اللہ ، عرفان مغل ، احمد سلطان ، حذیفہ وڑائچ ، اور دیگر قائدین نے خطاب کیا۔

ادھر اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک خصوصی ‘‘یوم یکجہتی واک’’ کی گئی جس کی قیادت مشیرِ امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کی، واک میں سویٹ ہومز کے بچے اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، شرکا نے بھارت کے خلاف اور کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے ۔جبکہ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاہے کہ اس دن کو منانے کا مقصد کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ اور جائز جدوجہد میں ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے ۔ادھر حب میں بلوچستان عوامی پارٹی کے زیراہتمام کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی۔ شرکا نے ہاتھوں میں جھنڈے اُٹھا رکھے تھے ۔ خیبر پی کے کے ضلع جنوبی وزیرستان میں بھی یوم یکجہتی کشمیرقومی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مرکزی تقریب اور واک کا انعقاد کیا گیا ،شرکا نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے ۔ جبکہ آزادکشمیر میں بھمبر سے تاؤ بٹ تک سڑکوں پر کشمیریوں نے بھارت کے خلاف نعرے لگائے اور پاکستان سے اظہارِ تشکر بھی کیا ، وادی نیلم میں ریلیاں نکالی گئیں،ضلعی ہیڈ کوارٹر آٹھ مقام میں کشمیریوں نے ہاتھوں کی زنجیر بنائی جبکہ اس موقع پر کنڈل شاہی، سب ڈویژن، شاردہ اور کیل میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔میر پور آزاد کشمیر میں بھی منگلا اور دھان گلی پلوں پر ہاتھوں سے زنجیر بنائی گئی۔ 

مظفر آباد (آن لائن، دنیا نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے ملک کو بہت معاشی چیلنجز درپیش ہیں، آئی ایم ایف ایک ایک شعبے کی کتاب دیکھ رہا ہے ، ایک ایک دھیلے کی سبسڈی کو دیکھ رہا ہے ،کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد ضرور رنگ لائیگی، ہمیں باتیں یا نعرے  نہیں کشمیر کاز کے لئے عملی اقدام کرنا ہوں گے ۔ اگرکشمیر کو آزادی دلانی ہے تو معاشی طاقت کیساتھ دلانی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب میں کیا۔دریں اثنا شہباز شریف سے مظفر آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد نے ملاقات کی ۔وفد نے وزیرِ اعظم کو اقوامِ متحدہ جنرل اسمبلی میں ہندوستان کی ظلم و جبر کی داستان کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے اور کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچانے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ملاقات کرنیوالوں میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما محمود احمد ساغر، الطاف وانی، محمد حسین خطیب، فیض احمد ، سید یوسف نسیم،منظور احمد الیاس شامل تھے جبکہ اس موقع پر سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی انوار الحق، وزیرِ اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس،وفاقی وزرا سعد رفیق، رانا تنویر حسین، مریم اورنگزیب، مرتضیٰ جاوید عباسی اور مشیرِ وزیرِ اعظم قمر زمان کائرہ بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کی جدوجہد میں انکے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ رہیں گے ،ہمیں قومی مفاد کیلئے سیاسی وابستگیوں کو بھْلا کر ایک ہونا ہوگا،پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں انکے ساتھ ہے ۔علاوہ ازیں شہبازشریف نے خطاب میں مزید کہا کہ اس وقت اس ایوان میں تمام جماعتوں کے اکابرین موجود ہیں اور یہ ہے وہ اتحاد و یگانگت جس سے بھارت کے در و دیوار، اس کی حکومت اور اغیار ضرور پریشان ہوں گے ،یہاں موجود رہنماؤں نے پاکستان میں قومی یکجہتی کا پیغام دیا ہے ، آج 75 سال بعد کشمیر کی وادی خون کے رنگ سے سرخ ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نے 2019 میں کشمیر کا خصوصی درجہ تبدیل کرکے پورے خطے کو جیل بنادیا، یہ ظلم زیادہ دیر نہیں چلے گا، کشمیریوں کی عظیم قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ دب گیا ، جب کشمیر کی بات آتی ہے تو جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا محاورہ سچ ثابت ہوجاتا ہے لیکن ان تمام مشکلات کے با وجود پاکستان کے عوام اور تمام حکومتوں نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی کیونکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔شہباز شریف نے کہا کہ اگر ہم مصمم ارادہ اور عملی اقدامات کریں تو بہت جلد یہ خطے آزادی حاصل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا گلہ ہم سے جائز ہے ، اگر دنیا کے اربوں مسلمان متحد ہو کر ان کے لیے آواز اٹھائیں تو ہر ظلم کا حساب ہوگا اور انہیں آزادی ملے گی۔ ابھی کہا گیا کہ 20 سال کے لیے حق خود ارادیت کو موخر کردیا جائے ، اس سے بڑی سازش ، ظلم اور کیا ہوسکتا ہے ، کوئی پاکستانی ایسا سوچ بھی نہیں سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک نیو کلیئر طاقت ہے ، بھارت ہماری طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، لیکن اگر کشمیر کو آزاد کرانا ہے تو ملک کو معاشی قوت بنانا ہوگا، کشمیر پالیسی میں مزید جدت اور طاقت پیدا کرنا ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنی تقریر کے دوران کچھ مطالبات پیش کیے ، بہت معاشی چیلنجز ہیں، آئی ایم ایف ایک ایک کتاب دیکھ رہا ہے ، 75 سال سے قرض لینے کا سلسلہ جاری ہے ، کہیں تو ہمیں اس کو روکنا ہے ۔ قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اتوار کو آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد پہنچے ،اسمبلی پہنچنے پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم اور قائمقام صدر بھی موجود تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں