کنسائنمنٹس کی کلیئرنس سرٹیفکیٹ سے مشروط:ہسپتالوں میں ضروری سرجیکل آلات کی قلت

کنسائنمنٹس  کی   کلیئرنس  سرٹیفکیٹ  سے   مشروط:ہسپتالوں   میں  ضروری  سرجیکل  آلات  کی  قلت

کراچی (سٹاف رپورٹر)ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی(ڈریپ) اور کسٹم حکام کی ملی بھگت کے باعث امپورٹرز کو سرجیکل آلات منگوانے میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ،ڈریپ سے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے باوجود کنسائمنٹس کو کلیئرنس سرٹیفکیٹ سے مشروط کردیا گیا۔

ڈریپ نے طبی آلات کی رجسٹریشن میں مزید دو سال کی توسیع کا عندیہ دے دیا ہے ۔صوبے کے ہسپتالوں میں سرجیکل  آلات نہ پہنچنے کے باعث ہسپتالوں میں ضروری سرجیکل آلا ت کی قلت ہوگئی ہے ۔باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں ضروری سرجیکل آلات در آمد کرنا انتہائی مشکل ہوگیا ،امپورٹرز کو طبی آلات منگوانے کے لئے کلیئرنس سرٹیفکیٹ دینے میں تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں جبکہ کلیئرنس سرٹیفکیٹ کی مد میں فی کس 5ہزار روپے فیس بھی وصول کی جارہی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ امپورٹرز کی جانب سے سرجیکل آلات در آمد کرکے کراچی پورٹ پر رکھا ہوا ہے ،کلیئرنس سرٹیفکیٹ کا اجرا ایک ہفتے میں کئے جانے کے سبب امپورٹرز کو ڈیمرج کی پلنٹی لگادی جاتی ہے جس کے باعث ایک کروڑ روپے کا سرجیکل آلات ڈیمرج پلنٹی لگ جانے کے باعث مہنگا ہوجاتا ہے جب اس کو ہسپتالوں میں بھیجا جاتا ہے تو اس کی قیمت بڑھ جاتی ہے اور اس کا خمیازہ بھی عوام بھگت رہی ہے ۔

ذرائع کے مطابق امپورٹرز کی جانب سے ضروری مشینیں جن میں ایم آئی آر مشین ،کینولہ ،ای سی جی مشین ،ڈائیگناسٹک مشینیں ،پی سی آر کٹس ،لیبارٹری کٹس ،ڈرپ سیٹس کے علاوہ دیگر مشینیں پورٹ پر موجود ہیں ،ڈریپ حکام کی جانب سے کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے اجراء میں تاخیر کے باعث ڈیمرج پلانٹی امپورٹرز پر لگائی جارہی ہیں۔واضح رہے کہ طبی آلات منگوانے والے امپورٹرز کی جانب سے 2018.19میں عدالت عظمیٰ میں درخواست دی گئی تھی جس میں امپورٹرز کی رجسٹریشن کا عمل ڈریپ کی جانب سے التوا کا شکار تھا ۔جس کے بعد عدالت کی جانب سے فوری طور پر حکم دیا گیا تھا کہ مذکورہ امپورٹرز کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جائے تاکہ ملک میں طبی آلات کی کمی واقع نہ ہوسکے ۔تاہم ڈریپ حکام کی جانب سے نت نئے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں جس کے نتیجے میں طبی آلات منگوانے کے لئے امپورٹرز کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان نے 54ہزار سے زائد طبی آلات میں سے تاحال 3ہزار کے لگ بھگ آلات کی رجسٹریشن گزشتہ 8سال میں کی ہے جب کہ مزید آلات کی رجسٹریشن کے لئے 8فروری سے مزید دو سال کی توسیع دے دی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں