مریم آٹا مزید مہنگا ہونے کی خوشخبری دینے ملتان آئیں ، شاہ محمود

 مریم آٹا مزید مہنگا ہونے کی خوشخبری دینے ملتان آئیں ، شاہ محمود

ملتان(سٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کیلئے امپورٹڈ حکمرانوں نے آئی ایم ایف سے اتفاق کرلیا ہے ۔آئی ایم ایف کے کہنے پر یہ لوگ بجلی،گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کررہے ہیں۔ جس سے ملک میں مہنگائی کا بہت بڑا طوفان آئے گا۔

کیا مریم نواز آٹا مزید مہنگا ہونے اور مہنگائی کا طوفان آنے کی خوشخبری دینے ملتان آئی ہیں۔؟مریم نواز نے یہ کیوں نہیں بتایا بجلی مزید مہنگی ہو رہی ہے ۔ مریم نواز عوام کو مہنگائی کا تحفہ دینے کے بعد کس منہ سے ملتان کا دورہ کررہی ہیں؟ ،ملتان والو گلشن کا خدا حافظ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان کے قدیم اور مصروف پل شہیدی لعل کی تعمیر و مرمت کی تکمیل کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا مریم نواز ملتان کے لوگوں کو کیا بتانے آئی ہیں۔ آپ کی حکومت آئی ایم ایف سے گفت و شنید کررہی ہے ۔ آپ کی حکومت پٹر ول کو مزید 50 روپے مہنگا کرنے پر آمادہ ہو چکی ہے ۔بجلی 7روپے فی یونٹ مہنگی کرکے لوگوں پر بوجھ ڈالا جائے گا۔ کسانوں سے پوچھیں یوریا کی بوری دستیاب ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا پشاور میں لاشیں پڑی تھیں شہباز شریف کہتے تھے ، کے پی کے حکومت پیسوں کا حساب دے ۔ انہوں نے کہا عمران خان کہتے ہیں ہم نے گھبرانہ نہیں۔حکومت اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنے کیلئے انتقامی کاررائیو ں کا سہارا لے رہی ہے ۔ مجھے آج صبح اسلام آباد میں ایف ایٹ کی عدالت میں پیش ہونے کا کہا گیا۔ میں چہرے پڑھتا ہوں ان کا ارادہ ہتھکڑی لگانے کا ہے ۔ ایک طرف الزام ، ایک طرف سیاسی انتقام ہے ۔ تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر ضمنی انتخابات ہوتے ہیں تو پی ٹی آئی بھر پور مقابلہ کریگی۔ ان کو بے نقاب کرنے کیلئے میدان میں اتریں گے ۔ انہوں نے کہا نئی اکھاڑ پچھاڑ سے شفاف انتخابات ممکن نہیں۔ تحریک انصاف ان کا بھر پور مقابلہ کریگی اور ان کی دھاندلی کے پروگرام دھرے کے دھرے رہ جائیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں