ٹریفک چالان کا ڈیلی کوٹہ ختم ،ٹیمیں کالجوں میں جاکر طلبہ کے لائسنس بنائینگی:محسن نقوی

ٹریفک  چالان  کا   ڈیلی  کوٹہ  ختم ،ٹیمیں  کالجوں  میں  جاکر   طلبہ  کے  لائسنس  بنائینگی:محسن  نقوی

لاہور (سیاسی رپورٹرسے )نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہورسمیت پنجاب بھر میں ٹریفک چالان کرنے کا ڈیلی کوٹہ ختم کرتے ہوئے کہا کہ چالان کا ٹارگٹ پورا کرنے کی روش ختم کردی۔

ٹریفک وارڈنز کی کارکردگی ڈیلی چالان سے مشروط نہیں ہوگی۔نگران  وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں لاہورسمیت پنجاب بھر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ5بڑے شہروں میں شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک لائسنس کے اجرا آسان بنا دیا ۔ لاہور،فیصل آباد،ملتان،گوجرانوالہ اورراولپنڈی میں لائسنسنگ سینٹرز دو شفٹ میں کام کریں گے ۔لائسنسنگ سینٹرز ہفتے اوراتوار کو بھی کھلے رہیں گے ۔لاہورکے علاقے لبرٹی کا سینٹر24گھنٹے شہریوں کے لائسنس بنائے گا جس سے شہریو ں کو ڈرائیونگ لائسنس بنانے میں بے پناہ سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ گلبرگ،مال روڈ،جیل روڈاورفیروزپور روڈ کو ٹریفک کے حوالے سے ماڈل روڈز قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ماڈل روڈز پر ٹریفک کی روانی کیلئے موثر مینجمنٹ سسٹم لاگو کیا جائے گا۔نگران وزیراعلیٰ نے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے لئے آؤٹ ریچ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے تحت کالجوں میں ٹریفک پولیس کی ٹیمیں جا کر طلبہ کے لائسنس بنائیں گی اور طلبہ کا ڈرائیونگ ٹیسٹ بھی متعلقہ کالج میں ہی لیا جائے گا۔

نگران وزیراعلیٰ نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں سڑکوں پر گوشت فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا اور کہا کہ گوشت فروخت کرنے والوں کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ پرندوں کی وجہ سے فضائی حادثے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے ۔انہوں نے سڑکوں پر بھیک مانگنے والے مافیا کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بھکاری مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے اور بھیک مانگنے والے بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو منتقل کیا جائے ۔ ٹریفک نظام کو بہتر کردیا تو ذمہ داری کی ادائیگی کے ساتھ لوگ آپ کو دعائیں بھی دیں گے ۔ نگران وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ لاہور میں سالانہ 3لاکھ 70ہزار گاڑیوں اورموٹر سائیکلوں کا اضافہ ہوتا ہے ۔ ادھر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب میں زیر تعلیم کشمیری طلبہ کی ٹیوشن فیس ختم کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ200 کشمیری طلبہ کو حکومت پنجاب کی طرف سے لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے ۔ یہ اعلان انہوں نے پنجاب میں زیر تعلیم کشمیری طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ کشمیری طلبہ کے وفد نے یوم یکجہتی کشمیر پر پنجاب بھر میں تقریبات کے انعقاد کو سراہا۔ ملاقات کے دوران ترکیہ اور شام میں زلزلے سے جاں بحق ہونے وا لے شہریوں کے لئے دعا کی گئی۔ نقوی نے کہا میڈیکل کالجز میں زیر تعلیم کشمیری طلبہ کے لئے پوسٹ گریجوایٹ کوٹہ مختص کرنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے ۔ کشمیری طلبہ کے ویزا کے مسائل حل کرنے کے لئے وزیراعظم سے درخواست کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری طلبہ ہمارے اپنے بچوں کی مانند ہیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں