ایٹمی صلاحیت صحت،زراعت میں فائدوں کا باعث :احسن اقبال

 ایٹمی صلاحیت صحت،زراعت میں فائدوں کا باعث :احسن اقبال

نارووال(خبرنگار)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ایٹمی صلاحیت صحت اور زراعت میں گرانقدر فائدوں کا باعث ہے ، پاکستان کے مستقبل کا انحصار مضبوط معیشت پر ہے جس کے لئے ہمیں سائنس اور انجینئرنگ کے شعبوں میں مہارت پیدا کرنی ہے اس کے لئے حکومت نئے منصوبے شروع کر رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اٹامک انرجی کمیشن کے ڈائیگنوسٹک سنٹر نارووال کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر پی اے ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے بھی خطاب کیا۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے سائنسدان اور انجینئرز پاکستان کے ہیروز ہیں، ہم نے PAEC کے سائنسدانوں کی وجہ سے سرحدوں پر امن کے طویل ترین دور کا مشاہدہ کیا ہے جو اب قومی زندگی کے دیگر شعبوں جیسے صحت، ایٹمی توانائی اور زراعت میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ واضح رہے 804,091ملین روپے کی لاگت سے مکمل ڈائیگناسٹک سنٹر نارووال (ڈی سی این )پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (PAEC)کا ایک سیٹلائٹ سنٹر ہے جو نارووال میں کینسر کے مریضوں کی تشخیص کے لیے قائم کیا گیا ہے ۔ ڈی سی این مرکز جدید ترین طبی آلات SPECT/CT گاما کیمرہ، ڈیجیٹل ریڈیو گرافی، ڈیجیٹل میموگرافی، الٹراساؤنڈ، Immunoassay Labموجود ہیں۔علاوہ ازیں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت منعقدہ پروگرام کے دوران احسن اقبال نے میڈیا سے بات کرتے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ہر حکومت نے جاری رکھا کیونکہ یہ عوام کے لیے ہے ، اس پروگرام کا سیاست سے تعلق نہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضہ لینے پر مجبور ہیں کیونکہ ہمیں خزانہ خالی ملا تھالیکن پھر بھی بے نظیر انکم سپورٹ کے ثمرات مستحق لوگوں تک جلد پہنچائیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں