وزیراعلیٰ کا پنجاب بھر میں کل سے ہفتہ صحت منانے کا اعلان

 وزیراعلیٰ کا پنجاب بھر میں کل سے ہفتہ صحت منانے کا اعلان

لاہور (سپیشل رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،دنیا نیوز )نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا دورہ کیا۔

 وزیراعلیٰ محسن نقوی نے  مختلف شعبوں، ٹی بی لیب اور ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز ،سرویلنس سنٹر کا معائنہ کیا اور ٹی بی کنٹرول اور ہیپاٹائیٹس کنٹرول پروگرامز کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر محسن نقوی نے رورل ہیلتھ ایمبولینس سروس کے تحت 98 ایمبولینسوں کی چابیاں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر کو دیں جبکہ 300 الٹراساؤنڈ مشینیں 24/7 بنیادی مراکز صحت کے سپرد کر دیں،300 الٹراساؤنڈ مشینوں کے ذریعے رورل ہیلتھ سنٹرز میں الٹراساؤنڈ کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے 20 مارچ سے پنجاب بھر میں ہفتہ صحت منانے کا اعلان کر دیا ، اس دوران ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں، دیہی و بنیادی مراکز صحت میں عوام کی سکریننگ کی جائے گی، مفت طبی معائنے کیلئے خصوصی کیمپس لگائے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے ہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس ڈلیوری یونٹ (HISDU)اور ہیلتھ ریڈیو سٹیشن کا سنگ بنیاد رکھا، HISDU کی تعمیر کے بعد سرکاری ہسپتالوں کا نظام ڈیجیٹلائزڈ ہوجائے گا۔قبل ازیں ڈاکٹر جمال ناصر اور سیکرٹری علی جان کی جانب سے HISDU، ریڈیو سٹیشن، رورل ایمبولینس سروس اور دیگر پروگرامز بارے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ محکمہ صحت کی پانچ ڈی ٹی ایل نے ISO سرٹیفائیڈ اور 4 ڈبلیو ایچ او پری کوالیفائڈ سرٹیفکیشن حاصل کرلیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کیلئے انیستھیزیا مینجمنٹ سسٹم اور پنجاب بھر کے 2 ہزار بنیادی مراکز صحت کیلئے الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ پروگرام لانچ کر دیا ۔ دریں اثنا محسن رضا نقوی نے لاہور کی سڑکوں سے فوری طور پر کنٹینرز ہٹانے کا حکم دے دیا۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو کسی بھی صورت تنگی نہیں ہونی چاہیے ، پولیس اور ضلعی انتظامیہ پی ٹی آئی کی مقامی لیڈر شپ کے ساتھ بیٹھ کر زمان پارک کے رہائشیوں کے مسائل حل کرے اور کینال روڈ پر ٹریفک کی روانی یقینی بنائے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں