رانا ثنا قاتل ، پاکستان میں سکون نہیں آنے دے گا: پی ٹی آئی
لاہور( نیوز ایجنسیاں )تحریک انصاف کے رہنماؤں نے رانا ثناء اللہ کے سابق وزیر اعظم عمران خان سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر داخلہ ایک قاتل انسان ہے جو ملک میں سکون نہیں آنے دے گا۔
میاں اسلم قبال کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ملک میں اس وقت قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، انہوں نے 25مئی کی طرح نیا تماشا شروع کر دیا ۔یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ہمارے 2 ہزار سے زائد ورکرز کو اٹھا لیا گیا ، حسان نیازی کو صرف پریشان کرنے کیلئے پورے پاکستان کی سیر کروا رہے ہیں، ہم پہلے دن سے کہہ رہے تھے کہ وزیر داخلہ قاتل انسان ہے ، رانا ثنا ء اللہ پاکستان میں سکون نہیں آنے دے گا۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ آج ہماری ریاست کے اندر حکمران ماں کا نہیں ڈائن کا رول ادا کر رہے ہیں، جب لالچی لوگ حکومت میں بیٹھے ہوں تو اسی طرح کے رزلٹ آیا کرتے ہیں، توجہ ہٹانے کیلئے پی ٹی آئی قیادت پر مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، مہنگائی کے باعث لوگ فاقہ کشی اور خودکشی کرنے پر مجبور ہیں، مہنگائی 3 گنا زیاہ ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ رانا ثنا ء اللہ نے عمران خان کے بارے جو بیان دیا ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، اسلم اقبال کا مزید کہنا تھا کہ ان کا سب کچھ ملک سے باہر ہے ، یہ پاکستان میں صرف عیاشی کیلئے اور بادشاہ بننے آتے ہیں، یہ کہتے ہیں عمران خان کے وجود کو ختم کریں گے ۔