لاہور:30حلقوں میں انتخابی نشانات الاٹ،مریم کو تندور،حمزہ کو کشتی اور مور مل گیا

لاہور:30حلقوں  میں  انتخابی  نشانات  الاٹ،مریم  کو  تندور،حمزہ کو  کشتی  اور  مور  مل  گیا

لاہور (محمد اشفاق سے )لاہور کے 30حلقوں میں الیکشن سے متعلقہ امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کردئیے گئے ۔مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کو انتخابی نشان تندور ،حمزہ شہباز کو انتخابی نشان کشتی اور مور الاٹ کیے گئے ۔ لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ کو انتخابی نشان میز الاٹ کردیا گیا ۔

 ن لیگ کی جانب سے پارٹی ٹکٹ جمع نہ کروانے پر الیکشن کمیشن نے لیگی رہنماؤں کو آزاد امیدواروں کی فہرست میں شامل کردیا ۔ پنجاب میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق الیکشن کے لیے 14مئی کی تاریخ مقرر ہے جس کے لیے الیکشن کمیشن اپنے انتظامات کو جاری رکھے ہوئے ہے ۔ الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کردئیے ۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے پارٹی ٹکٹ جمع نہیں کرائے گئے جس پر الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے تمام امیدواروں کو آزاد کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے انتخابی نشانات الاٹ کردئیے ۔ مریم نواز نے لاہور کے 3حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ۔ الیکشن کمیشن کی فہرست کے مطابق مریم نواز کو پی پی 173 سے انتخابی نشان تندور الاٹ کیا گیا جبکہ ان کی مدمقابل تحریک انصاف کی ڈاکٹر یاسمین راشد ہیں جن کو پارٹی کا انتخابی نشان بلا الاٹ کیا گیا ۔ مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے بھی لاہور کے 3حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ۔ پی پی 146سے حمزہ کو انتخابی نشان مور الاٹ کیا گیا ان کے مد مقابل تحریک انصاف کے امیدوار وقار احمد کو پارٹی نشان بلا الاٹ کیا گیا ۔ پی پی147سے حمزہ کو انتخابی نشان کشتی الاٹ کیا گیا ۔ اس حلقہ سے پی ٹی آئی کے غلام محی الدین دیوان امیدوار ہیں۔ پی پی 144 سے لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ کو انتخابی نشان میز ملا ہے ۔ اسی طرح لیگی رہنما مجتبیٰ شجاع الرحمن کو چھتری اور بلال یاسین کو واٹر کولر کا نشان الاٹ کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی حتمی فہرستیں آویزاں کردی گئی ہیں ۔ اگلے مرحلے میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور پولنگ سکیمز کو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔ شیڈول کے مطابق 14مئی پولنگ کی تاریخ مقرر ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں