کوئی مائنس نہیں ہونا چاہئے ، پی ٹی آئی کا فیصلہ ووٹر کریگا،عباسی

کوئی مائنس نہیں ہونا چاہئے ، پی ٹی آئی کا فیصلہ ووٹر کریگا،عباسی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک، آئی این پی)مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے مائنس کوئی بھی نہیں ہونا چاہئے ، ووٹر فیصلہ کرے گا کہ پی ٹی آئی کی حقیقت کیا ہے ۔

 ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما نے کہا مجھ پر کراچی  میں 3 سال نیب کیس چلتا رہا جس کا نہ سر تھا نہ پیر، کل کیس واپس نیب کو بھیج دیا گیا ہے ۔ سابق وزیراعظم نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت بلاتی ہے تو نہیں جاتے وہ خود کو قانون سے بالا سمجھتے ہیں، فوج کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ ہوا، کور کمانڈر ہائوس جلایا گیا، جو بھی واقعات ہوئے قانون اپنا راستہ لے گا۔ ان کا کہنا تھا نواز شریف کے ساتھ زیادتی کرنے والے معافی مانگیں، ماضی میں جو غلطیاں ہوئیں ان سے سبق حاصل کیا جائے ، مجھے بتائیں تاحیات نااہلی کی گنجائش کون سے قانون اور آئین کے تحت ہے ؟، سپریم کورٹ بتا دے میں ان کی بات ماننے کو تیار ہوں۔ شاہد خاقان نے کہا نظام سے ہمیشہ شکایت رہے گی، نظام اگر غلط استعمال ہوگا تو شکایت ہوگی، نئی پارٹی بنانا سب کا حق ہے ، میں ن لیگ کا سب سے پرانا ممبر ہوں، سیاست میں نقصان اور فائدے کی بات نہیں ہوتی، ہر پارٹی نے اپنی سیاست کرنی ہوتی ہے ۔ لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا ملک میں مائنس کے فارمولے نہیں چلے ، الیکشن کے بغیر گزارہ نہیں، الیکشن نہیں کروائیں گے تو کون سے قانون اور آئین کے تحت ملک چلے گا؟، اکتوبر میں الیکشن ہونے چاہئیں اور ہوں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں