آمدن سے زائداثاثے :قاسم سوری کیخلاف نیب انکوائری شروع

 آمدن سے زائداثاثے :قاسم سوری کیخلاف نیب انکوائری شروع

اسلام آباد،پشاور(اپنے نامہ نگارسے ،نیوز ایجنسیاں) قومی احتساب بیورو نے سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائری کا آغاز کردیا۔

بتایاجاتاہے کہ نیب بلوچستان کی جانب سے محکمہ کوآپریٹو پنجاب کو لکھے گئے خط میں  قاسم سوری کے علاوہ ان کی اہلیہ ملیحہ سوری، بیٹوں ابوبکر اور ابو ہریرہ، بیٹی زینب خانم کے علاوہ بلال سوری اور ہاشم سوری پسران رفیق احمد خان کی ملکیتی جائیدادوں اور اثاثوں کی تفصیلات مانگی گئی ہیں، خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ مذکورہ افراد کے ملکیتی تمام اثاثو ں سے متعلق ریکارڈ5جون تک نیب بلوچستان کے دفتر میں کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کوفراہم کیا جائے ،ادھر نیب پشاور نے ادویات کی خریداری کے ریکارڈ کی چھان بین کیلئے مانسہرہ میں کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال پر چھاپہ مارکرمحکمہ صحت کا ریکارڈ چیک کیا،سابق وزیراعلیٰ پرویزخٹک کے دور میں ہسپتال کیلئے سامان خریدا گیا تھا،نیب 2016 سے 2023 تک ادویات کی خریداری اور سالانہ بجٹ کی تحقیقات کررہا ہے ،سابق وزیراعلیٰ محمود خان کے دور میں بھرتیوں کی تحقیقات بھی کی جارہی ہیں اورتحقیقات مکمل ہونے پرریفرنس دائر کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں