گجر پورہ : سوئمنگ پول میں کرنٹ آنے سے 3نوجوان جاں بحق

گجر پورہ : سوئمنگ پول میں کرنٹ آنے سے 3نوجوان جاں بحق

لاہور (سپیشل کرائم رپورٹر) گجر پورہ میں سوئمنگ پول میں کرنٹ آنے سے 3افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ گجرپورہ میں کرول گھاٹی کے قریب پیش آیا۔ تینوں پرائیویٹ سکول میں واقع سوئمنگ پول میں نہانے گئے تھے ، پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی شناخت 16 سالہ جاوید ، شاہد اور 26 سالہ ذیشان کے نام سے ہوئی ہے ۔جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں ،سوئمنگ پول کے مالک یوسف اور ٹھیکیدار عامر کو گرفتار کرکے ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے ۔ پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیں ۔نگران وزیر اعلی ٰپنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر کمشنر لاہورڈویژن، ایس ایس پی ڈسپلن اور ڈپٹی کمشنر لاہور رات گئے تھانہ گجر پورہ گئے ۔کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا،ایس ایس پی عمران کشور اور ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدرنے سوئمنگ پول میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق نوجوانوں جاوید اور ذیشان کے لواحقین سے ملاقات کی۔ انتظامی و پولیس افسروں نے جاں بحق نوجوان جاوید کے والد اور جاں بحق نوجوان ذیشان کے بھائی سے افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین کو دلاسہ دیا۔ کمشنر لاہورڈویژن نے کہاکہ سیفٹی ایس او پیز پر ہر سوئمنگ پول میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔بغیر اجازت اوپن سوئمنگ پولز کو فی الفور بند کیا جائے گا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں