مساج سینٹر پرچھاپہ ،مجسٹریٹ معطل ،تھانیدار کو ہٹادیا گیا

 مساج سینٹر پرچھاپہ ،مجسٹریٹ معطل ،تھانیدار کو ہٹادیا گیا

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے )اسلام آباد ہائیکورٹ نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مساج سینٹر پرمجسٹریٹ کے ڈرائیور، پولیس کانسٹیبلز اور مبینہ جعلی صحافیوں کے غیر قانونی چھاپے کے خلاف کیس میں غلط بیانی اور جھوٹی رپورٹ جمع کرانے پر ڈائریکٹر جنرل ایڈمن اسلام آباد سعید رمضان کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 20 جون کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

،جسٹس طارق محمود جہانگیری کی عدالت سے جاری سماعت کے تحریری حکم نامہ کے مطابق چیف کمشنر عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ انہوں نے انکوائری کی خود نگرانی کی اور ڈی آئی جی کی رپورٹ کے مطابق چھاپہ غیر قانونی تھا،چھاپے میں سنگین نوعیت کی بے ضابطگیاں پائی گئیں، سرچ وارنٹ نہیں لئے گئے ،غیر قانونی چھاپہ مار ٹیم میں شامل افراد نے 5 لاکھ 76 ہزار روپے بھی چھینے ،مجسٹریٹ امجد حسین جعفری موقع پر موجود نہ تھے ،ان کو معطل کرکے انکوائری شروع کر دی گئی ہے ،تھانہ لوہی بھیر کے ایس ایچ او اختر زمان کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ، چھاپے کو درست قرار دینے کی غلط رپورٹ جمع کرانے والے ڈائریکٹر جنرل ایڈمن سعید رمضان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی گئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں