وفاقی سیکرٹری عبداللہ سنبل لاہور میں انتقال کرگئے

وفاقی سیکرٹری عبداللہ سنبل لاہور میں انتقال کرگئے

لاہور(اپنے نامہ نگارسے ، نیوز ایجنسیاں )وفاقی سیکرٹری داخلہ عبداللہ سنبل لاہور میں انتقال کرگئے ۔حکام وزارت داخلہ کے مطابق سیکرٹری داخلہ عبداللہ سنبل کچھ عرصے سے علیل تھے ۔عبداللہ سنبل کو طبیعت زیادہ خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں انتقال کر گئے ۔

عبداللہ سنبل نے 20 اگست کو سیکرٹری داخلہ کا چارج سنبھالا تھا۔ ان کی نمازجنازہ آج بعد نماز عصر حبیب مسجد طفیل روڈ لاہور میں ادا کی جائے گی۔عبداللہ سنبل چیئر مین پی اینڈ ڈی، چیف سیکرٹری پنجاب سمیت کئی اہم عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں۔نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے عبداللہ خان سنبل کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ عبداللہ خان سنبل ایک انتہائی قابل افسر تھے ، ا ن کی ملک و قوم کیلئے لازوال خدمات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عبداللہ خان سنبل کی وفات سے سول سروس کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا ہے ۔ سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی سیکرٹری داخلہ عبداللہ خان سنبل کی وفات پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے تعزیتی پیغام میں عبداللہ خان سنبل کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ عبداللہ خان سنبل ایک انتہائی قابل، علم دوست اور عوام کی خدمت کرنے والے افسر تھے ۔وزیراعلی ٰ محسن نقوی، نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے بھی عبداللہ سنبل کی وفات پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ مرحوم ایک شاندار افسر تھے ، ان کی اچانک وفات اہل خانہ اور سول سروس کے لیے بڑا نقصان ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں