عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید، بھتیجا اور 2ملازم گرفتار: سابق وفاقی وزیر 9مئی جلائو گھیرائو اور مختلف مقدمات میں مطلوب تھے: پنجاب پو لیس

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید، بھتیجا اور 2ملازم گرفتار: سابق وفاقی وزیر 9مئی جلائو گھیرائو اور مختلف مقدمات میں مطلوب تھے: پنجاب پو لیس

راولپنڈی، اسلام آباد (خبر نگار، مانیٹرنگ، نیوز ایجنسیاں) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید، بھتیجے اور دو ملازموں سمیت گرفتار کر لیے گئے ،پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ سابق وفاقی وزیر شیخ رشید9 مئی کو جلائو گھیرائو اور مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔

شیخ رشید کے وکیل سردارعبدالرازق نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ شیخ رشید کو ایس ایس پی فیصل سلیم کی سربراہی میں تھانہ سول لائنز ،نیو ٹاؤن ، ویسٹریج ، وارث خان کے ایس ایچ اوز نے گرفتار کیا ۔ اس ٹیم نے شیخ رشید ، شیخ شاکر ، ڈرائیور سجاد اور سٹاف ممبر عمران کو گرفتار کیا ۔ شیخ رشید کیخلاف راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں کوئی مقدمہ درج نہیں جبکہ سابق رکن قومی اسمبلی اور شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ عوامی مسلم لیگ  کے سربراہ شیخ رشید ، بھتیجے شیخ شاکر اور ملازم عمران شیخ کو سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد اور پولیس اہلکاروں نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز تھری سے گرفتار کیا۔ اس حوالے سے اسلام آباد اورراولپنڈی پولیس سمیت کسی جانب سے اب تک تصدیق نہیں کی گئی نہ ہی شیخ رشید کو کسی تھانے منتقل کیا گیا ۔

شیخ رشید کے وکیل ایڈووکیٹ سردار عبدالرازق خان نے بھی شیخ رشید کی گرفتاری کی تصدیق کردی ، انہوں نے کہا کہ شیخ رشید اور ان کے بھتیجوں کو ان کے گھر سے پولیس اور سادہ لباس میں آنے والے افراد گرفتار کرکے لے گئے ، جنھیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔ دریں اثناء سرکاری طور پر ان کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی گئی۔ رات گئے اسلام آباد اور راولپنڈی پولیس نے شیخ رشید احمد کی گرفتاری سے اظہار لاتعلقی کر دیا ،ترجمان راولپنڈی پولیس انسپکٹر سجاد الحسن کے مطابق شیخ رشید کو راولپنڈی پولیس نے گرفتار کیا اور نہ ہی راولپنڈی پولیس کی تحویل میں ہیں،گرفتاری کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی راولپنڈی پولیس تردید کرتی ہے ،ادھر راولپنڈی پولیس ذرائع نے بتایا کہ شیخ رشید کسی بھی مقدمہ میں نامزد نہیں ۔

علاوہ ازیں بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب عثمان انور کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کو گرفتار کر لیا ۔انہوں نے بتایا کہ شیخ رشید نو مئی کو جلاؤ گھیراؤ سمیت مختلف مقدمات میں مطلوب تھے ۔آئی جی پنجاب عثمان انور کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس نے نو مئی کو جلاؤ گھیراؤ سمیت مختلف مقدمات پر سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کو گرفتار کیا ۔ اسلام آباد پولیس کے ایس ایس پی آپریشنز جمیل ملک کا کہنا ہے کہ ان کی معلومات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے شیخ رشید کو گرفتار نہیں کیا۔

ادھر شیخ راشد شفیق کے مطابق شیخ رشید کو مغرب کی نماز کے بعد پنجاب پولیس کی بھاری نفری اور سول کپڑوں میں ملبوس افراد نے گرفتار کیا۔انھوں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ شیخ رشید نے پہلے دن سے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی ہے ، میں بھی نو مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں۔میں اعلیٰ اداروں سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہمیں بتایا جائے شیخ رشید اور میرے بڑے بھائی اس وقت کہاں پر ہیں۔ وہ کسی تھانے میں کسی مقدمے میں نامزد نہیں ۔راشد شفیق کا کہنا ہے کہ ہم قانونی جنگ لڑیں گے ، ہماری ذات پر کوئی کرپشن کا الزام نہیں ۔ہم نے ہمیشہ اس شہر میں شرافت اور اصولوں کی سیاست کی ہے ۔ پنجاب پولیس نے ہائیکورٹ میں تحریر جمع کرائی کہ شیخ رشید ہمیں کسی کیس میں مطلوب نہیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں