سموگ: اربن سڑکوں کو ڈسٹ فری اور واش کرنیکا فیصلہ: نگران وزیراعلیٰ چین پہنچ گئے

سموگ: اربن سڑکوں کو ڈسٹ فری اور واش کرنیکا فیصلہ: نگران وزیراعلیٰ چین پہنچ گئے

لاہور (سیاسی رپورٹر سے) سموگ کے تدارک کے لئے اربن سڑکوں کو ڈسٹ فری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سموگ سے بچاؤ کیلئے سڑکوں کو واش کیا جائے گا۔

ایل ڈبلیو ایم سی کو لاہور کی سڑکیں واش کرنے کا ٹاسک سونپ دیاگیا جبکہ ڈپٹی کمشنرز کو غیر معیاری فیول بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے ۔چین روانگی سے قبل نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدار ت وزیراعلیٰ آفس میں سموگ کے تدارک کے لئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں بتایا گیا کہ انڈسٹریز کو ماحول دوست بنانے کے لئے ورلڈبینک کے اشتراک سے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سموگ پری وینشن اینڈ کنٹرول رولز 2023 پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا اورصوبہ بھر میں سموگ کو کم از کم سطح پر لانے کے لئے تمام متعلقہ محکموں سے جامع پلان طلب کر لیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بار باراینٹی سموگ پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کو 2ماہ کے لئے سیل کیا جائے گا۔چاول اور دیگر فصلوں کی باقیات کو جلانے سے روکنے کے لئے کاشتکاروں سے پیشگی بیان حلفی لیا جائے۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ VICSاور دیگر متعلقہ ادارے ٹرانسپورٹ فٹنس سرٹیفیکٹ کا اجرا یقینی بنائیں۔

اجلاس میں ماحولیاتی ماہرین نے تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمدپرنسپل کالج آف ارتھ انوائرمینٹل سائنسز پنجاب یونیورسٹی نے کہاکہ موٹر سائیکل رکشہ ماحولیاتی آلودگی کی سب سے بڑی وجہ ہے ۔پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید نے کہاکہ سموگ کے خاتمے کے لئے لانگ ٹرم پالیسی ضروری ہے ،کوئلے کی بجائے بھٹوں کو ایگری کلچر ویسٹ پر منتقل کیا جائے ۔ پروفیسر ڈاکٹر فائزہ شریف،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے کہاکہ صنعتی فضلے کو تلف کرنے کے لئے انڈسٹریز کو مراعات دی جائیں۔زارا سلمان چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیویلپمنٹ پالیسی ریسرچ نے کہاکہ سموگ کو ڈینگی اور دیگر بیماریوں کی طرح پبلک ہیلتھ کرائسز قرار دیا جائے ۔ ڈاکٹرشاہانہ خورشید ایسوسی ایٹ پروفیسر لمز نے کہاکہ لاہور میں موٹر سائیکل رکشے کی بجائے الیکٹرک تھری ویلر کو فروغ دیا جائے ۔ڈاکٹر واجد اعجاز ایکسپرٹ ای پی ڈی نے کہاکہ سموگ کے زیادہ ہونے کی صورت میں عوامی آگاہی کیلئے ہیلتھ ایڈوائزری سسٹم کو فروغ دیا جائے ۔شعیب شفیق جی ایم سپارکو نے کہاکہ سموگ کو قلیل المدتی اقدامات سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔

ڈاکٹر شاہد عباس ڈائریکٹر میٹرالوجسٹ لاہور نے کہاکہ بارش زیادہ ہونے کی وجہ سے سموگ میں کمی کی توقع کی جارہی ہے ۔بریفنگ کے دوران بتایاگیاکہ ہوا کی کم رفتار نمی اور پلوشن کے ساتھ مل کر سموگ کو جنم دیتی ہے ۔لاہور میں 63فیصد سموگ موٹر سائیکل اور چنگ چی رکشے کی وجہ سے ہے ۔موٹر کار اور جیپ وغیرہ کی وجہ سے 11فیصد سموگ ہوتی ہے ۔لاہور میں گزشتہ دہائی میں موٹر سائیکل اور رکشے کی فروخت میں 460فیصد اضافہ ہوا ہے ۔شیخوپورہ اور اوکاڑہ میں فصلوں کی باقیات،جلانے کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔شمالی لاہور میں لوڈر رکشے کی آمدورفت پر پابندی سے سموگ میں کمی ممکن ہے ۔سموگ کے تدارک کے لئے عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والی فیکٹری کی عمارت ڈی سیل نہیں کی جائے گی۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لبرٹی پولیس خدمت کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کیا اور خدمت مرکز کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔وزیر اعلی نے تحفظ مرکز، میثاق مرکز،ویٹنگ روم اور کاونٹرز کا بھی معائنہ کیا۔ آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس خدمت مرکز لبرٹی میں 10کاؤنٹر کی تعدادکو30تک بڑھا دیا گیا۔

محسن نقوی نے لبرٹی چوک میں پولیس خدمت مرکز کے توسیع پراجیکٹ کے افتتاح کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کرائم کے علاوہ باقی سارے معاملات خدمت سنٹر میں حل کئے جائیں گے ۔ لبرٹی خدمت سنٹر کی توسیع کی گئی ہے تاکہ کم وقت میں زیادہ سے زیادہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی پولیس خدمت مرکز عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ پولیس خدمت سنٹرز عوام کے لئے بہت اعلی ریلیف ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب کے 750پولیس سٹیشنز کو اپ گریڈ کر رہے ہیں۔ پولیس سٹیشنز کے کمروں کا ماحول بہتر بنایاجائے گا۔ شوگر مل مالکان کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں، چینی 140روپے کلو کے حساب سے ملے گی۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی چین پہنچ گئے ۔بیجنگ ایئرپورٹ پرچین کے اعلیٰ حکام اورپاکستانی سفارتخانے کے افسروں نے وزیراعلیٰ کا خیر مقدم کیا۔صوبائی وزرا ایس ایم تنویر،عامرمیر، اظفر علی ناصر،ابراہیم حسن مراد،چیف سیکرٹری،سیکرٹری خزانہ اور دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

وزیراعلیٰ کوگزشتہ رات لاہورایئر پورٹ سے قائمقام چینی قونصل جنرل چاؤ کی نے لاہور ایئرپورٹ سے الوداع کیا۔قائمقام چینی قونصل جنرل چاؤ کی وزیراعلیٰ محسن نقوی کو چین روانہ کرنے کیلئے خصوصی طورپر ایئر پورٹ پہنچے ۔ وزیراعلیٰ نے قائمقام چینی قونصل جنرل چاؤ کی کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ چین کے اشتراک سے زراعت اور دیگر شعبوں میں پنجاب میں پائیدار تبدیلیاں لاناچاہتے ہیں۔ محسن نقوی کے اعزاز میں بیجنگ میں پاکستانی سفیر کی طرف سے استقبالی عشائیہ دیا گیا۔ پاکستانی سفیر معین الحق کی جانب سے سفارتخانہ پہنچنے پرحکومت پنجاب کے سرکاری وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چین کے تجربات سے استفادہ کر کے پنجاب میں پائیدار ترقی کا ہدف حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔پنجاب سرمایہ کاری کے لئے اوپن اور موزوں ہے اور ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سرمایہ کاری کو آسان بنا یاجارہا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے خصوصی مراعات دی جائیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں