پرویز الہٰی لاہور ماسٹر پلان کیس میں بری: دہشت گردی کے مقدمہ میں پھر گرفتار

پرویز الہٰی لاہور ماسٹر پلان کیس میں بری: دہشت گردی کے مقدمہ میں پھر گرفتار

لاہور(کورٹ رپورٹر، نیوز ایجنسیاں)ضلع کچہری جوڈیشل مجسٹریٹ ریحان الحسن نے لاہور کے ماسٹر پلان میں بے ضابطگیوں کے کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو مقدمے میں ڈسچارج کرتے ہوئے رہا کردیا۔

 عدالتی فیصلہ کے بعد پرویز الٰہی کو راولپنڈی پولیس دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار کرکے ساتھ لے گئی ۔جوڈیشل مجسٹریٹ ریحان الحسن نے تحریری فیصلے میں حکم دیا کہ ملزم کیخلاف اینٹی  کرپشن کے لگائے گئے الزامات ٹھوس شواہد پر مبنی نہیں ہیں،اگر پرویز الٰہی کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں ہیں تو انھیں رہا کر دیا جائے ۔اینٹی کرپشن کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ پرویز الٰہی نے بطور وزیر اعلیٰ کوٹلی رائے ابوبکر کو ماسٹر پلان 2050 میں خلاف ضابطہ شامل کیا، عدالت نے مزید تحقیقات کیلئے جسمانی ریمانڈ دینے کیلئے اینٹی کرپشن کی استدعا مسترد کر دی۔پرویز الٰہی کے وکیل صدر لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر بار رانا انتظار حسین نے موقف اپنایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے حکم دے رکھا ہے کہ رہائی کے بعد پرویز الٰہی کو 10روز دوسرے کیسز میں ضمانت کیلئے دینے ہیں، لاہور ہائیکورٹ میں پیر کو ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے ، لاہور ڈویژن پلان 2014 میں دارالھندسہ کمپنی نے ڈیزائن کیا ، اسے 48کروڑ روپے دیئے گئے ، اینٹی کرپشن رولز 2014 سیکشن 5 کے مطابق انکوائری سے قبل ایف آئی آر درج نہیں ہوسکتی ، اینٹی کرپشن حکام نے انکوائری کیلئے پرویز الٰہی کو جب وہ جیل میں تھے کوئی نوٹس ہی نہیں دیا۔

استدعا ہے کہ پرویز الٰہی کو بری کیا جائے ۔ذرائع کے مطابق پولیس کی ٹیم پرویز الٰہی کو لے کر بذریعہ موٹر وے راولپنڈی پہنچ گئی ۔پولیس پرویز الٰہی کو بکتر بند میں راولپنڈی لے جانا چاہتی تھی۔ پرویز الٰہی کی درخواست پر انہیں دوسری گاڑی میں بٹھایا گیا۔لاہور ہائیکورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے تین مقدمات میں تحریک انصاف کے صدر پرویزالٰہی کو ڈسچارج کرنے کیخلاف پنجاب حکومت کی درخواست پر سماعت آج سوموار کو ہو گی ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد تین مقدمات میں تحریک انصاف کے صدر کو ڈسچارج کرنے کیخلاف پنجاب حکومت کی درخواست پر سماعت کریں گے ۔ عدالت نے اس سلسلہ میں دائر درخواست پر فریقین کے وکلا کو دلائل پیش کرنے کیلئے نوٹس جاری کر رکھے ہیں ۔ پنجاب حکومت نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ پرویز الٰہی کیخلاف شواہد موجود ہیں لہذا استدعا ہے کہ عدالت جوڈیشل مجسٹریٹ کا مقدمات خارج کرنے کا اقدام غیر آئینی قرار دے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں