ترازو کے پلڑے سب کے لئے برابر ہوں: امید ہے آج سے عدل کے ایوانوں میں انصاف کی واپسی ہوگی: مریم

ترازو کے پلڑے سب کے لئے برابر ہوں: امید ہے آج سے عدل کے ایوانوں میں انصاف کی واپسی ہوگی: مریم

لاہور(اپنے نامہ نگارسے، مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائرز و سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ امید ہے آج سے عدل کے ایوانوں میں انصاف کی واپسی ہوگی، دعا ہے ترازو کے پلڑے سب کے لئے برابر ہوں۔

 امید ہے نوازشریف اور ان کے مظلوم ساتھیوں کو‘‘پراجیکٹ’’کے کارندوں کی ناانصافیوں سے نجات ملے گی،نوازشریف کو اللہ تعالیٰ نے سرخرو کردیا ، اب پاکستان کو سرخروکرنا ہے ،ملک کو انتقام، ٹکراؤاور افراتفری سے نجات دلانا ہوگی، صوبہ سندھ سمیت پاکستان کے کونے کونے میں ترقی کا سفر لے کر جائیں گے ،عوام اپنے ووٹ سے نوازشریف کو مضبوط کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں پارٹی کے مختلف ونگز کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز شریف نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ اجلاس میں پارٹی قائد نواز شریف کی وطن واپسی کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔ مریم نواز اور حمزہ شہباز نے پارٹی کارکنوں کے جوش و جذبے کو سراہا ۔ حمزہ شہباز نے خطاب میں کہاکہ وزیراعظم نوازشریف ہی پاکستان اور عوام کے دکھوں کا علاج ہے ، نوازشریف پاکستان کے تمام مسائل کا یقینی حل ہے ،پاکستان کی عزت، سربلندی اور ترقی کا منصوبہ صرف نوازشریف کے پاس ہے ، عوام نوازشریف کو وزیراعظم نہیں بنارہے بلکہ اپنی خوش حالی کو یقینی بنارہے ہیں ۔

دریں اثنا چیف آرگنائرز مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر بار نوازشریف کو ‘پلس ’کیا ، ہر بار مائنس کرنے کی کوشش مائنس ہوگئی ، نوازشریف دشمنی کی سوچ اصل میں پاکستان دشمنی اور عوام دشمنی کی سوچ ہے ، نواز شریف کے بغض میں عوام کو سزا دی گئی، پاکستان کو ایک نئی شروعات کی ضرورت ہے ، ہماری لڑائی مہنگائی، معاشی بدحالی اور بیڈگورننس سے ہے ۔ مریم نواز نے کہاکہ نوازشریف اور اُن کے ساتھیوں نے بہادری اور ثابت قدمی سے ناانصافیوں کا سامنا کیا،نوازشریف اور اُن کے ساتھی ہی ملک وقوم کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتے ہیں، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی ترقی اورعوام کی خوشحالی نوازشریف کے مقدر میں لکھی ہے ،پہلے لوڈشیڈنگ ، دہشت گردی ختم کی تھی، اب مہنگائی میں کمی کا وعدہ پورا کریں گے اور پاکستان کو معاشی طورپر ناقابل تسخیر بنائیں گے ، مہنگائی ہم کم کردیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں