ڈی آئی خان:سکیورٹی فورسز کا آپریشن،ایک دہشتگرد ہلاک

ڈی آئی خان:سکیورٹی فورسز کا آپریشن،ایک دہشتگرد ہلاک

اسلام آباد،خیبر(خصوصی نیوز رپورٹر،نمائندہ دنیا،صباح نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک )ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

دوسری جانب خیبر پولیس نے خودکش حملے کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 350 کلو بارودی موادسے بھرا لوڈر رکشہ پکڑ لیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بدھ کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ علاوہ ازیں ضلع خیبر میں پولیس نے بارود سے بھرے لوڈر رکشے کو قبضے میں لے کر خودکش حملے کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ ڈی پی اوسلیم عباس کے مطابق تھانہ باڑہ کے نالہ چیک پوسٹ پر پولیس نے ایک لوڈر رکشے کو روکا جس سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد ہوا۔ ڈی پی او کے مطابق خودکش حملہ آور رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ، دہشت گرد نے بارودی مواد کو گھاس کے نیچے چھپائے رکھا تھا جسے خودکش حملے کیلئے استعمال کیا جانا تھا۔ڈی پی او نے بتایا کہ لوڈر رکشے میں 350 کلوگرام بارودی مواد نصب تھا۔سلیم عباس کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ آور کا تعلق تحصیل باڑہ سے ہے ۔ادھر لنڈی کوتل کے علاقہ سلطان خیل میں ٹائم ڈیوائس بم برآمد ہوا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نے بم ناکارہ بنادیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں