سندھ :اینٹی ایئر کرافٹ گن سمیت اسلحے کی بڑی کھیپ برآمد

 سندھ :اینٹی ایئر کرافٹ گن سمیت اسلحے کی بڑی کھیپ برآمد

کراچی (سٹاف رپورٹر،نمائندگان دنیا ) گھوٹکی کے مختلف تھانوں کی پولیس نے خفیہ اداروں کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک مکان پر چھاپہ مارکر اینٹی ایئر کرافٹ گن،کلاشنکوف سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرکے 2 ملزموں کو گرفتار کرلیا۔

 ایس ایس پی گھوٹکی منیر کھوڑو کے مطابق گرفتار دونوں ملزم پشاور کے رہائشی اور اسلحے کے اسمگلر ہیں جو کچے کے ڈاکوؤں کو اسلحے کی فراہمی میں ملوث ہیں،برآمد شدہ اسلحے کی مالیت کم و بیش 3 کروڑ روپے ہے ۔ دوسری جانب نگران وزیرداخلہ سندھ بریگیڈیئر(ر) حارث نواز اور آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے ضلع کشمور میں ایس ایس پی آفس میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ لوٹ مار اور اغواء کی وارداتوں میں ملوث مجرموں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا،کچے اور پکے کے علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، مجرموں کے خلاف جو بھی ہتھیار استعمال کرنے پڑے کریں گے ،ہماری فوج بھارت سے لڑ سکتی ہے تو کچے کا آپریشن کوئی بڑا مسئلہ نہیں، ہم کچے میں ڈاکو اور پکے میں سہولت کاروں کے خلاف آپریشن کریں گے ، اگر ضرورت پڑی تو فوج سے مدد لیں گے ،کراچی سمیت سندھ سے جرائم کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ آئی جی سندھ کی مشاورت سے قبائلی نظام کے خاتمے کے لئے اقدامات کریں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں