رواں سال بھی پاکستان کو مہنگائی،معاشی مشکلات،الیکشن سے معیشت کو اعتماد ملے گا:ایشیائی ترقیاتی بینک

رواں  سال  بھی  پاکستان  کو  مہنگائی،معاشی  مشکلات،الیکشن  سے  معیشت  کو  اعتماد  ملے  گا:ایشیائی  ترقیاتی  بینک

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران الیکشن کے انعقاد سے پاکستان کی معیشت سنبھل سکتی ہے ، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے نتیجے میں ملکی وغیرملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ بینک نے اکنامک آئوٹ لک رپورٹ برائے ستمبر 2023 جاری کردی۔

 رپورٹ میں پاکستان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ معاشی ترقی کے لحاظ سے  پاکستان 26جنوبی ایشیائی ممالک میں سب سے نچلے درجے تک جا پہنچا ہے ۔ رواں مالی سال میں بھی پاکستان کو مہنگائی اور معاشی مشکلات کا سامنا رہے گا ۔ معیشت کی ترقی کی شرح 1.9 فیصد رہے گی جبکہ مہنگائی کی مجموعی شرح 25 فیصد تک رہے گی تاہم الیکشن سے پاکستان کی معیشت کو اعتماد ملے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس وقت پاکستان کے عوام کو خطے میں سب سے زیادہ 29.2 فیصد مہنگائی کا سامنا ہے تاہم رواں سال کے دوران مہنگائی کی مجموعی شرح 25 فیصد تک آنے کا امکان ہے ،توانائی کی قیمتوں میں اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث افراط زر کا دبائو بدستور موجود رہے گا۔ معاشی شرح نمو میں استحکام کیلئے اصلاحات کے ایجنڈے پر عملدرآمد ضروری ہے ، مالی نظم و نسق، مارکیٹ بیسڈ ایکسچینج ریٹ اور پاور سیکٹر میں اصلاحات ضروری ہیں، حکومتی ملکیتی اداروں میں اصلاحات بھی ضروری ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال میں پاکستان کی معیشت کو سیلاب اور سیاسی عدم استحکام کا سامنا رہا جس کے باعث مہنگائی زیادہ اور شرح نمو کم رہی۔ رپورٹ میں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کی معیشت کیلئے شراکت داری جاری رہے گی۔ ایک ٹی وی کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے پروگرام نے دو طرفہ اور کثیرالجہتی فنانسنگ کے امکانات کو بہتر کر دیا ہے تاہم سیاسی عدم استحکام اصلاحات کے نفاذ کیلئے سنگین خطرہ ہے ۔ معاشی ایڈجسٹمنٹ پروگرام پر عملدرآمد معاشی استحکام اور شرح نمو کی بتدریج بحالی کیلئے اہم ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں