ڈالر مزید نیچے :انٹر بینک میں 292.78کا ہوگیا، سونے کے بھائو جاری نہ ہوسکے

 ڈالر مزید نیچے :انٹر بینک  میں 292.78کا ہوگیا، سونے  کے بھائو جاری نہ ہوسکے

کراچی(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) انٹر بینک میں جمعرات کو بھی روپے کے مقابلے ڈالر سستا ہو گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مسلسل تیسرے روز بھی مستحکم رہی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں1.10روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت 293.88روپے سے گھٹ کر292.78روپے پر آ گئی تاہم فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر296روپے پر بدستور برقرار ہے ۔ یورو کی قدر 318روپے پر مستحکم رہی جبکہ4روپے کی کمی سے برطانوی پاؤنڈ کی قدر374روپے سے کم ہوکر370روپے پر جا پہنچی ،سعودی ریال کی قیمت فروخت 20پیسے گھٹ کر78.80روپے اور یو اے ای درہم کی قیمت فروخت 80پیسے کی کمی سے 82.00روپے رہی، دریں اثنا پاکستان میں جمعرات کو بھی بلین مارکیٹ بند رہی اورسونے کے بھاؤ جاری نہیں ہوسکے جبکہ گزشتہ روز آل سندھ صرافہ جیولرز کے صدر حاجی ہارون رشید چاندنے آڈیو پیغام میں کہا تھا کہ وہ کراچی پہنچ گئے ہیں مگر اس کے باوجود جمعرات کو بلین مارکیٹ سے سونے کے بھاؤ جاری نہ ہوسکے ، دیگر ذرائع سے جاری سونے کے ریٹ کے مطابق گزشتہ روز 24قیراط سونے کی فی تولہ قیمت1400روپے گھٹ گئے اورفی تولہ قیمت 2لاکھ17ہزار900 روپے کی سطح سے کم ہوکر2لاکھ16ہزار500 روپے رہ گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں