پختونخوا:فورسز کے آپریشن،3دہشتگر د ہلاک،داعش کے 4سہولت کار گرفتار

پختونخوا:فورسز کے  آپریشن،3دہشتگر د ہلاک،داعش کے 4سہولت کار گرفتار

راولپنڈی ،پشاور،لاہور (آئی این پی،صباح نیوز، کرائم سیل )سکیورٹی فورسز کا خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں دہشتگردوں کیخلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن،دہشتگرد کمانڈر کفایت عرف تور عدنان سمیت 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ڈی آئی خان میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مشترکہ آپریشن میں انتہائی مطلوب دہشتگرد کمانڈرسمیع اللہ مارا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ(آئی ایس پی آر)کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقہ وادی تیراہ میں 25 اور 26 ستمبر کی درمیانی شب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، اس دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور کمانڈر سمیت 3دہشتگرد ہلاک ہو گئے ، ہلاک دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے ۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے ،سکیورٹی فورسزملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں ۔ دریں اثنا ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے گاؤں کڑی ملنگ میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ آپریشن کیا ، اس دوران درجنوں وارداتوں میں مطلوب دہشتگرد کمانڈر سمیع اللہ مارا گیا جبکہ کمانڈر کرامت اور اس کے دیگر ساتھی فرار ہوگئے ۔دوسری طرف ترجمان محکمہ انسداد دہشت گردی(سی ٹی ڈی)پشاور نے دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم تنظیم داعش کے 4 سہولت کار بڈھ بیر سے گرفتار کر لئے ،گرفتار ملزموں محمد رحیم،صالح محمد، شاہد اور رازمحمد کا تعلق افغانستان سے ہے اور وہ مذہبی شخصیات،مسیحی و سکھ برادری، اہل تشیع اور پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ جیسی سنگین کارروائیوں میں سرگرم گروہ کیلئے سہولت کاری کرتے تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں