پنجاب میں آشوب چشم کی وبا،ایک دن میں 13ہزار سے زائد کیسز،تمام سکولز4روز کیلئے بند

پنجاب میں آشوب چشم کی وبا،ایک دن میں 13ہزار سے  زائد کیسز،تمام سکولز4روز کیلئے  بند

لاہور،راولپنڈی(ایجوکیشن رپورٹر،خصوصی نامہ نگار)صوبہ پنجاب میں آشوب چشم وبا کی شکل اختیار کر گیا۔محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں آشوب چشم کے مریضوں کی کل تعداد 86 ہزار 133 ہو چکی ہے ۔

صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں آشوب چشم کے 13 ہزار 732 مزید کیسز سامنے آئے جن میں سے 3 ہزار 878کا تعلق صرف ضلع بہاولپور سے ہے جبکہ پنجاب میں تمام سکولز 4 روز کے لئے بند کر دیئے گئے ہیں ۔ محکمہ صحت پنجاب نے بتایاکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فیصل آباد میں آشوب چشم کے ایک ہزار 721 اور لاہورمیں 887 کیسز رپورٹ ہوئے ۔رواں سال کے دوران بہاولپور میں اب تک آشوب چشم کے 16 ہزار 744، فیصل آباد میں 10 ہزار  22 اور لاہور میں 7 ہزار 578 کیسزسامنے آچکے ہیں۔گزشتہ 3 ماہ کے دوران کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری احتیاط کریں، متاثرہ شخص عینک لگائے جبکہ متاثرہ شخص کا تولیہ اور دیگر اشیا دوسرا شخص استعمال نہ کرے اور بار بار ہاتھ دھوئیں۔ صوبائی وزیر صحت کے مطابق ہسپتالوں کو الرٹ جاری کردیا ہے اور ہسپتالوں میں وافر مقدار میں ڈراپس موجود ہیں۔پرائمری ہیلتھ کیئر نے آشوب چشم کے مریضوں کو رخصت دینے کا اجازت نامہ جاری کردیا۔پنجاب بھر میں آشوب چشم کا بڑھتا ہوا مرض لوگوں کو گھر گھر متاثر کرنے لگا۔ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے آشوب چشم کے مریضوں کے علاج معالجہ اور رہنمائی کے لئے ہیلپ لائن متعارف کر وا دی ہے جبکہ صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں آئی سرجنز کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔

تمام ہسپتالوں میں آئی ڈراپس وافر مقدار میں مہیا کر دیئے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق آشوب چشم خطرناک نہیں اور نہ ہی اس سے بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی، میو ہسپتال لاہور اور نشتر ہسپتال ملتان میں آشوب چشم کے مریضوں کا علاج کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ آشوب چشم نئی چیز نہیں، یہ ہر سال حبس کے موسم کے باعث پھیلتی ہے ۔ادھر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے شہر میں تمام سکول اکیڈمز اور نجی ٹیوشن سینٹرز کو چار دن کے لیے بند کردیا ۔ محکمہ تعلیم حکومت پنجاب کے مطابق آج 28 ستمبر سے لیکر 1 اکتوبر بروز اتوار تک تمام نجی تعلیمی ادارے بشمول اکیڈمیز و ٹیوشن سینٹرز ہر قسم کی نصابی و غیر نصابی سر گرمیوں کے لیے بند رہیں گے ۔ کوئی بھی ادارہ کسی بھی قسم کی سرگرمی کے لیے نہیں کھلے گا۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ محکمہ تعلیم کے افسر ضلعی انتظامیہ کی مدد سے احکامات پر عمل درآمد کروائیں گے ۔سیکرٹری سکول احسن وحید کا کہنا ہے کہ فیصلہ پنجاب میں آشوب چشم کی وبا سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا۔جمعرات کے بعد عید میلاد النبی ؐ اور بعد ازاں ہفتہ، اتوار کی چھٹیوں سے بچوں کو وبا سے بچاؤ میں مدد ملے گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں