بڑی کامیابی،دوسال میں چاول کی برآمدات5ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں:محسن نقوی

بڑی کامیابی،دوسال میں چاول کی برآمدات5ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں:محسن نقوی

لاہور (سیاسی رپورٹر سے ) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت نے کپاس کے بعد چاول کی فصل میں بھی اہم سنگ میل عبور کر لیا۔

 وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس ہوا جس میں فصلوں کی زیادہ پیداوار کے حصول کے لئے اہم اقدامات کی منظوری دی گئی ۔حکومت پنجاب کی ایک اور بڑی کامیابی، صوبے کی ضروریات پوری کرنے کے بعدپنجاب رواں سال 2ارب ڈالر کا چاول ایکسپورٹ کرے گا-پاکستان سے رواں سال مجموعی طورپر 3ارب ڈالر کاچاول برآمد کیاجائے گا-محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اگلے دو سال میں پاکستان سے چاول کی برآمدات 5ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں۔پنجاب سے گزشتہ سال صرف ایک ارب ڈالر کا چاول ایکسپورٹ کیا گیا تھا -رواں برس چاول کی ایکسپورٹ میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 100فیصد اضافہ ہوگا-پنجاب میں رواں سال ماضی کی نسبت 125فیصد کپاس کی گانٹھیں زیادہ حاصل ہوں گی -وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کپاس کے نرخ کے استحکام اور اضافے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی- صوبائی وزیرصنعت وزراعت ایس ایم تنویر اور سیکرٹری زراعت اس ضمن میں وفاقی حکومت سے رابطہ کریں گے اورٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان سے کپاس کی فوری خریداری شروع کرنے کی درخواست کی جائے گی ۔دریں اثنا محکمہ اوقاف پنجاب کے زیر اہتمام الحمرا ہال میں رحمت اللعالمین ؐ کانفرنس کاانعقاد کیا گیا۔رحمت اللعالمین ؐ کانفرنس میں تمام مسالک کے علما کرام و مشائخ عظام، مسیحی،سکھ،ہندواوردیگر مذاہب کے رہنماؤں نے شرکت کی۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم سب نبی پاکؐ سے محبت کا دعویٰ تو کرتے ہیں لیکن نبی پاکؐ کے احکامات پر عمل نہیں کرتے ۔نبی پاکؐ کے احکامات پر عمل کرلیں تو زندگی بدل جائے گی۔ میری پوری ٹیم کی کوشش ہے کہ جتنا وقت میسر ہے عوام کی بھرپور خدمت کریں۔ ہم نبی کریم ؐ کے ماننے والے ہیں،مایوس نہیں ہوں گے ، پاکستان ٹیک آف کرے گا۔ سب ملکر ترقی میں اپنا اپنا حصہ ڈالیں گے تو ملک بہت آگے نکل جائے گا۔پاکستان کی تباہی کے بارے باتیں کرنے والے مایوسی چھوڑ دیں۔انہوں نے کہاکہ جڑانوالہ کے 23میں سے 22 چرچ بحال کر کے مسیحی برادری کے حوالے کر دئیے ہیں ۔محسن نقوی نے سیرت النبی ؐ پر کتب اورنعت رسول مقبولؐ لکھنے والی شخصیات میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کئے ۔محسن نقوی نے لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں 12 ربیع الاول کی مناسبت سے الحمرا آرٹ گیلری میں خطاطی کی نمائش دیکھی۔اسم محمد ؐ کی خطاطی کے فن پاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں اجلاس ہوا۔اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ نے مال روڈ کو گرد سے پاک ماڈل روڈ بنانے کی منظوری دے دی ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان کے دل لاہور کی مرکزی شاہراہ قائد اعظم (مال روڈ) کو ڈسٹ فری ماڈل روڈ بنایاجائے گا-مال روڈ کے اطراف اور گرین بیلٹ میں معیاری گھاس لگائی جائے گی، درختوں کی تعداد میں اضافہ کیاجائے گا-شہر میں بارش کے پانی کو محفوظ رکھنے کے لئے نئے واٹر ٹینکس بنائے جائیں گے -تاجروں کی مشاورت سے مال روڈ پر یکساں اور خوبصورت سائن بورڈ لگائے جائیں گے -مال روڈ سے تجاوزات کاخاتمہ کیاجائے گا او رپارکنگ کے نظام کو بہترین بنایا جائے گا-وزیراعلیٰ نے مال روڈ کو ڈسٹ فری ماڈل روڈ بنانے کے حوالے سے چند روز میں حتمی پلان طلب کر لیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں